ابوجا (انٹرنیشنل ڈیسک) مغربی نائیجیریا میں کشتی الٹنے سے 150 افراد لاپتا ہوگئے۔ خبر رساں اداروں کے مطابق ریاست نائیجر کی ایمرجنسی ایجنسی کے ڈائریکٹر جنرل عبداللہی بابا نے بتایا کہ حادثہ رات گئے پیش آیا۔ کشتی میں سوار مسلمان سالانہ مذہبی تقریب میں شرکت کے لیے جا رہے تھے۔ کشتی نائیجیریا کے ضلع موقوا کے مقام پر دریائے نائیجر میں ڈوبی جس کے بعد سے 150افراد لاپتا ہیں۔کشتی مقامی طور پر لکڑی سے تیار کی گئی تھی جس میں 100 لوگوں کے سفر کرنے کی گنجائش تھی ،تاہم جب کشتی روانہ ہوئی تو اس پر 300 لوگ سوار تھے جن میں اکثریت خواتین اور بچوں کی تھی۔ حادثے کی اطلاع ملنے کے بعد مقامی حکام نے 150 افراد کو ریسکیو کرلیا۔ حادثے میں ہلاکتوں سے متعلق اب تک متضاد دعوے سامنے آئے ہیں ۔ مقامی اخبار نے کہا ہے کہ ڈوبنے والے 9 افراد کی لاشیں ملی ہیں جب کہ لوکل کونسل کے ایک رہنما نے 60 افراد کی لاشیں ملنے کا دعویٰ کیا ہے۔دوسری جانب اقوام متحدہ نے نائیجیریا میں سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے 50لاکھ ڈالر جاری ،جہاں بارش کے دوران 300 سے زائد افراد ہلاک اور بڑے پیمانے پر نقصان ہوا تھا۔اقوام متحدہ نے ایک بیان میں کہا کہ اس کے مرکزی ایمرجنسی ریلیف فنڈ سے نائیجیریا میں سیلاب سے متاثرہ 36 ریاستوں میں 12 لاکھ افراد کو امداد فراہم کی جائے گی۔ یاد رہے کہ نائیجیریا میں 2022 ء میں بدترین سیلاب میں 500 سے زائد افراد ہلاک اور 14 لاکھ سے زائد بے گھر ہوگئے تھے۔