نئی دہلی (انٹرنیشنل ڈیسک) بھارت میں گھڑی کے انتخابی نشان کا تنازع سپریم کورٹ تک جاپہنچااورمہاراشٹر اسمبلی انتخابات میں امیدواروں نے ایک ہی نشان حاصل کرنے کے لیے عدالت عظمیٰ کا دروازہ کھٹکھٹا دیا ۔ بھارتی میڈیا کے مطابق ملک میں الیکشن کا سیزن ہے اور مہاراشٹر میں اسمبلی الیکشن کی تاریخ کا اعلان کسی بھی وقت ہو سکتا ہے۔ اس الیکشن میں این سی پی کے 2گروپ شرد پوار اور اجیت پوار گھڑی کا انتخابی نشان لینا چاہتے ہیں اور اس کے لیے انہوں نے ایک بار پھر سپریم کورٹ سے رجوع کیا ہے۔ این سی پی کے شرد پوار گروپ نے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی ہے جس میں عدالت سے آئندہ مہاراشٹر اسمبلی میں اجیت پوار گروپ کوگھڑی کا نشان استعمال کرنے سے روکنے کی استدعا کی گئی ہے۔ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ جب تک سپریم کورٹ الیکشن کمیشن کے حکم کے خلاف داخل اپیل پر فیصلہ نہیں سنا دیتی، تب تک گھڑی کا استعمال روک دیا جائے۔ انہوں نے گزارش کی ہے کہ سپریم کورٹ اجیت پوار کو اسمبلی انتخاب کے لیے نئے انتخابی نشان کی درخواست دائر کرنے کا حکم جاری کرے۔