انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں اچھی کارکردگی دکھائیں گے، سلمان علی آغا

198

ملتان (نمائندہ خصوصی)قومی کرکٹ ٹیم کے آل رائونڈر سلمان علی آغا نے کہا ہے کہ ہماری ٹیم متوازن ہے،پاکستان کی نظریں انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں اچھی کارکردگی پر مرکوز ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز یہاں ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں پاک،انگلینڈ ٹیسٹ سیریز کے سلسلے میں پریکٹس سیشن میں حصہ لینے کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔سلمان علی آغا نے کہا کہ انگلینڈ کی ٹیم ایک مضبوط حریف ہے،ہمیں اندازہ ہے کہ انگلینڈ کی ٹیم کسطرح کی کرکٹ کھیلتی ہے،ہم نے بھی اسی حساب سے اپنا پلان بنایا ہوا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ تمام کھلاڑی انگلینڈ کے خلاف بہترین کارکردگی دکھانے کیلئے پر امید ہیں،کوشش کریں گے اس مرتبہ اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کریں،ملتان میں موسم گرم ہے،ہم اس طرح کے موسم کے عادی ہیں،انگلینڈ کی ٹیم سردی کے موسم سے آئی ہے تو ہمارے لیے یہ پلس پوائنٹ ہے۔بر اعظم کے کپتانی چھوڑنے کے فیصلے پر پوچھے گئے سوال کے جواب میں سلمان علی آغا نے کہا کہ یہ ان کا ذاتی معاملہ ہے،بابر اعظم تمام فارمیٹس کا شاندار کھلاڑی ہے،بطور کپتان بابر اعظم بہترین بیٹنگ کارکردگی دے چکے ہیں۔واضح رہے کہ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان3 میچوں پر مشتمل ٹیسٹ سیریز کا پہلا میچ 7 اکتوبر سے ملتان میں شروع ہوگا۔،انگلینڈ کرکٹ ٹیم آج ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں پریکٹس کا آغازکرے گی۔