انٹر کلب کرکٹ : ابن انشا کرکٹ کلب اور نیو یونائیٹڈ جمخانہ کی کامیابی

141

کراچی (اسپورٹس رپورٹر) ریجنل کرکٹ ایسوسی ایشن کراچی کے زیر اہتمام ماسٹر آئل لبریکینٹس کے تعاون سے ماسٹر آئل انٹر کلب کرکٹ ٹورنامنٹ میں گزشتہ روز مزید2 میچوں کے فیصلے ہوگئے۔ اصغر علی شاہ اسٹیڈیم پر کھیلے گئے پہلے میچ میں ابن انشا کرکٹ کلب نے محمد حسین جمخانہ کو 4 وکٹوں سے شکست دے دی۔ محمد حسین جمخانہ پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 96 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ سید مونس نے 29 اور محمد ارسلان نے 26 رنز بنائے۔ محمد حسن نے 13 رنز دیکر 4 ، محمد زوہیب نے 8 رنز دیکر 3 اور حسان نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ جواب میں ابن انشا کرکٹ کلب نے 6 وکٹوں کے نقصان پر مطلوبہ 102 رنز بنالئے۔ وزیر الحسن نے 29 اور حسان نے 28 رنز بنائے۔ عزیر علی اور اریب بخش نے 2,2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ ینگ فائٹر گراؤنڈ پر کھیلے گئے دوسرے میچ میں نیو یونائیٹڈ جمخانہ نے ہمدم کرکٹ کلب کو باآسانی 121 رنز سے ہرادیا۔ نیو یونائیٹڈ جمخانہ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 6 وکٹوں کے نقصان پر 268 رنز بنائے۔ عمیر جنید نے 2 چوکوں کی مدد سے ناقابل شکست 74 ، تحسین احمد نے 8 چوکوں کی مدد سے 59 ، عمران خان نے 26 ، حارث علی خان نے 26 ، طحہٰ احمد نے 25 اور نجیب اللہ نے 24 رنز بنائے۔ معصوم علی نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ جواب میں ہمدم کرکٹ کلب 147 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ سید شہروز نے 38 ، فرحان محسن نے 34 اور ابوبکر انصاری نے 25 رنز بنائے۔ انس خان اور سمید عامر نے 34 اور 38 رنز دیکر4,4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔