امریکا نے اسرائیل کو ایران پر فوری جوابی کارروائی سے روک دیا

172
retaliating against Iran

واشنگٹن ،تہران: امریکا نے عالمی برادری کو یہ یقین دلایا ہے کہ اسرائیل کو ایران کے خلاف جوابی کارروائی سے روک دیا گیا ہے۔

میڈیا ذرائع کے مطابق امریکی صدر جو بائیڈن نے پریس بریفنگ کے دوران کہا کہ اسرائیل کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ ایران کے خلاف جوابی کارروائی سے گریز کرے کیونکہ جوابی کارروائی کے نتیجے میں لڑائی بڑھے گی۔

صدر بائیڈن کا کہنا تھا کہ مشرقِ وسطی جنگ کے دہانے پر کھڑا ہے۔ کوئی ایک بڑا واقعہ کئی ممالک کو جنگ کی آگ میں جھونک سکتا ہے۔

بائیڈن نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ہم نے اسرائیل کو ایران کے خلاف جوابی کارروائی کی اجازت نہیں دی۔ لازم ہے کہ اس مرحلے پر زیادہ تحمل کا مظاہرہ کیا جائے۔

اُدھرعالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ایران نے پروازوں پر پابندی اچانک رات ایک بجے بغیر کوئی وجہ بتائے بغیرعائد کی تھی جسے دن میں بحال کردیا گیا۔

ایرانی سول ایوی ایشن کے ترجمان جعفر یزارلو نے بتایا کہ بحالی کا فیصلہ اس بات کو یقینی بنانے کے بعد کیا کہ پروازوں کو کسی قسم کا کوئی خطرہ نہیں ہوگا۔تاہم یہ نہیں بتایا کہ یہ پابندی کیوں لگائی گئی تھی لیکن مقامی میڈیا نے دعوی کیا کہ یہ پابندی اسرائیلی دھمکیوں کے پیش نظر عائد کی تھی۔

دوسری جانب یورپی یونین کی ایوی ایشن سیفٹی حکام نے یورپی ایئرلائنز کو 31 اکتوبر تک ایرانی فضائی حدود سے گزرنے سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے۔