ملائیشین وزیراعظم انور ابراہیم کو نشانِ پاکستان سے نواز دیا گیا

336
awarded Nishan Pakistan

اسلام آباد: صدر آصف علی زرداری اور پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے ملائیشیا کے وزیر اعظم انور ابراہیم کے درمیان ملاقات ہوئی ، صدر مملکت نے وزیراعظم انور ابراہیم کو اسلامی دنیا کے مفاد کے لیے حمایت اور پاکستان کا اچھا دوست ہونے کے اعتراف میں نشان پاکستان کا ایوارڈ دیا۔

صدر آصف علی زرداری اور ملائیشین وزیر اعظم انور ابراہیم کی ملاقات کے دوران  نائب وزیراعظم/وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری، وزیر تجارت جام کمال خان، سینیٹر شیری رحمان اور اعلی سرکاری حکام نے بھی شرکت کی۔

ملائیشیا کے وزیراعظم کا خیرمقدم کرتے ہوئے صدرمملکت نے پاکستان اور ملائیشیا نے تجارت، معیشت، بینکنگ سیکٹر، فوڈ ٹیکنالوجی اور زراعت کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔  دونوں ممالک نے دوطرفہ اہمیت کے امور پر تعاون پر بھی اتفاق کیا۔

ملائیشیا کے وزیراعظم کا خیرمقدم کرتے ہوئے  صدرمملک کا کہنا تھا کہ پاکستان ملائیشیا کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے اور باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید بڑھانے کے لیے پرعزم ہے۔

بعد ازاں ایک خصوصی تقریب کے دوران، صدر آصف علی زرداری نے ملائیشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم کو اسلامی دنیا کے مفاد کے لیے حمایت اور پاکستان کا اچھا دوست ہونے کے اعتراف میں نشان پاکستان کا ایوارڈ دیا۔ تقریب کے دوران اس امر کو اجاگر کیا گیا کہ ملائیشیا کے وزیر اعظم علامہ اقبال کو پڑھنے کے شوقین ہیں۔  وزیر اعظم انور ابراہیم اپنے پورے سیاسی کیرئیر میں اِنسانیت اور اسلامی اقدار کے حامی رہے ہیں۔

تقریب میں وزیراعظم محمد شہباز شریف، وفاقی وزرا، سروسز چیفس، سفارتکاروں اور اعلی سرکاری حکام نے شرکت کی۔ صدر مملکت نے ملائیشیا کے وزیر اعظم اور ان کے وفد کے اعزاز میں ایک سرکاری عشائیہ بھی دیا۔