پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان متعدد معاہدوں پر دستخط، جائزہ کمیٹی کا اجلاس جلد بلانے پر اتفاق

110
agreements between Pakistan and Malaysia

اسلام آباد: پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان وفود کی سطح پر بات چیت ہوئی، متعدد معاہدوں پر دستخط کیے گئے، وزیراعظم شہباز شریف اور ملائیشین وزیر اعظم نے اپنے اپنے وفود کی قیادت کی۔

دونوں وزرائے اعظم نے دوطرفہ تاریخی اور برادرانہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا، اعلیٰ سطح کے تبادلوں، اسٹریٹجک ڈائیلاگ اور ادارہ جاتی لائحہ عمل مضبوط بنانے پر زور دیا، 8 نومبر 2007 کو کوالالمپور میں ہونے والے جامع اقتصادی شراکت داری کے معاہدے کی توثیق کی گئی۔ فریقین نے اقتصادی تعاون کو مضبوط بنانے، تجارتی عدم توازن کو دور کرنے پر اتفاق کیا، اس موقع پر جامع اقتصادی شراکت داری کے معاہدے کی مشترکہ جائزہ کمیٹی کا اجلاس جلد بلانے پر اتفاق کیا۔

دونوں اطراف سے حلال مصنوعات کی پروسیسنگ میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا، پاکستان نے ملائیشیا کو حلال گوشت کی برآمد بڑھانے کی پیشکش کی، وزیراعظم شہباز شریف نے ملائیشیا کو حلال گوشت کی برآمد 200 ملین ڈالر سالانہ تک لے جانے کی تجویز دی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے آئیڈیاز 2024 میں شرکت کیلئے ملائیشین وفد بھیجنے کے فیصلے کا خیرمقدم کیا، اعلیٰ تعلیم اور فنی اور پیشہ ورانہ تربیت کے اداروں کے درمیان تعاون بڑھانے کی ضرورت پر بھی اتفاق کیا گیا۔

دونوں ممالک کے درمیان ہوا بازی کے شعبے میں تعاون کو وسیع کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا، مذاکرات میں فلسطین اور مشرق وسطیٰ کی صورتحال سمیت اہم علاقائی اور عالمی پیش رفت پر بھی غور کیا گیا۔

دونوں وزرائے اعظم نے ایم او یوز اور تعاون کی دستاویز کی تبادلہ کی تقریب میں شرکت کی، ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور ملائیشیا ایکسٹرنل ٹریڈ ڈویلپمنٹ کوآپریشن کے درمیان ایم او یو پر دستخط کیے گئے۔

پاکستان ملائیشیا بزنس کونسل اور ملائیشیا پاکستان بزنس کونسل کے درمیان حلال تجارت کیلئے ایم او یو کا تبادلہ ہوا، پی ٹی اے اور ملائیشین کمیونیکیشن اینڈ ملٹی میڈیا کمیشن کے درمیان تعاون کے ایک خط پر بھی دستخط کیے گئے۔

بعد ازاں وزیراعظم شہباز شریف نے ملائیشین ہم منصب اور ان کے وفد کے اعزاز میں ظہرانہ بھی دیا۔