حافظ نعیم اور بلاول بھٹو کی ملاقات: پی پی کا جماعت اسلامی کے احتجاج میں شرکت کا اعلان

441
Hafiz Naeem's meeting with Bilawal

اسلام آباد: پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان کی وفاقی دار الحکومت میں اہم ملاقات ہوئی، حافظ نعیم الرحمان نے بلاول بھٹو کو 7 اکتوبر کے احتجاج میں شرکت کی دعوت دیدی جس پر بلاول بھٹو نے احتجاج میں شرکت کی یقین دہانی کرا دی۔

حافظ نعیم الرحمان کی پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات کے دوران مشرق وسطیٰ میں قیام امن سمیت خطے کی حالیہ صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

جماعت اسلامی کے وفد میں نائب صدور لیاقت بلوچ اور میاں اسلم، سیکریٹری جنرل امیرالعظیم اور اسلام آباد کے امیر انجینئر نصراللہ رندھاوا شامل تھے جب کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے ہمراہ شیری رحمٰن، نیر بخاری، نوید قمر اور مرتضی وہاب موجود تھے۔

امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن سے ملاقات کے بعد اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ حافظ نعیم الرحمان کو امیر جماعت اسلامی بننے پر مبارکباد دیتا ہوں۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ جماعت اسلامی اور پیپلزپارتی کےرہنماؤں کی ملاقات ہوئی ہے جس میں اس وقت دنیا کا سب اہم مسئلہ اسرائیلی جارحیت ہے، اس کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ اسرائیل کی جانب سے خواتین اور بچوں کو شہید کیا جارہا ہے، مسلمان دنیا میں کہیں بھی ہیں ہم ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ فلسطین کی صورتحال پر پورے پاکستان کو ایک پیج پر ہوناچاہیے، 7 اکتوبر کو جماعت اسلامی کےاحتجاج میں شریک ہوں گے، اسرائیل جو کچھ کر رہا ہےاس پر دنیا میں کسی کو فرق نہیں پڑھ رہا، فلسطین اور لبنان کے بعد ایران کی طرف جنگ بڑھتی جارہی ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ مسلمانوں کی زمین پر قبضے کےلیے اسرائیل نے سازش کی، مسلمانوں کی سر زمین پر قبضے کیلئے اسرائیل نے مہم شروع کی، فلسطین پر اسرائیل قبضہ کرنا چاہتا ہے، 7 اکتوبر کا بہانہ بنا کر وہ گریٹر اسرائیل کے نظریے کی طرف بڑھنا چاہتے ہیں تو سب سے پہلے پاکستان کے عوام ان کے سامنے کھڑے ہوجائیں گے۔

اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئےامیر جماعت اسلامی نے کہا کہ پوری دنیا میں سوالیہ نشان ہے کہ جنگ کی طرف تو نہیں جارہے، بدقسمتی سے اسرائیل کو روکنے والا کوئی نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ حسن نصر اللہ کو شہید کیاگیا اس وقت یو این اجلاس چل رہا تھا، 7 اکتوبر کو غزہ میں اسرائیلی جارحیت کو ایک سال ہوجائے گا، اسرائیل مسلسل غزہ کے مسلمانوں کی نسل کشی کر رہا ہے۔