اسلام آباد(آن لائن)اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ نئی ٹیکنالوجی اور جدید آلات کے استعمال سے صنعتی شعبہ مصنوعات کے اعلیٰ معیار کو حاصل کر سکتا ہے‘ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے صنعتی اور تجارتی شعبے کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا جا سکتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز راولپنڈی میں اناج ذخیرہ کرنے والے نئے سائلو کولڈ اسٹوریج کا افتتاح کرتے ہوئے کیا۔ اسپیکر نے کہا کہ ملک کے اندر صنعتوں اور کاروبار کو فروغ دینے میں پاکستانی تاجروں کی بڑھتی ہوئی دلچسپی قابل ستائش ہے۔ انہوں نے کاروباری برادری کی جانب سے جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کو سراہا اور اس اعتماد کا اظہار کیا کہ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے مصنوعات کا معیار بہتر ہوگا اور خرید و فروخت میں اضافہ ہوگا جس سے صنعت کا شعبہ مزید مستحکم ہوگا۔