کراچی (کامرس رپورٹر) عائشہ فاروقی نے ہینڈی کرافٹ ایسوسی ایشن کی بلامقابلہ چیئرپرسن منتخب ہونے کے بعد کراچی کا دورہ کیا۔ ہینڈی کرافٹ سندھ کی خواتین کی جانب سے عائشہ فاروقی کے اعزاز میں ایک تقریب کا انعقاد مقامی ہوٹل میںکیا گیا جس میں بطور چیف گیسٹ عائشہ فاروقی نے شرکت کی۔ اس موقع پر وائس چیئرپرسن اسماء عامر ، ای سی ممبر سندھ ندا نواب ، ای سی ممبر بلوچستان بقیہ ظہری ، ڈائریکٹر عذب گلوبل ٹریڈ اینڈ ایگزیبیشن اسماء واجد ، قرہالعین ، اسماء عادل ، حنا عمران ، اسما ء رحمن ، چیئرمین عذب گلوبل ٹریڈ اینڈ ایگزیبیشن سید تراب شاہ ، مدثر عالم ، ہیومن رائٹس کے جمشید سمیت دیگر خواتین ممبران نے شرکت کی۔ اس موقع پر خواتین ممبران کی جانب سے عائشہ فاروقی کو ہینڈی کرافٹ ایسوسی ایشن کی بلا مقابلہ چیئرپرسن منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کی اور پھولوں کے گلدستے اور تحائف بھی پیش کیئے گئے۔ اس موقع پر عائشہ فاروقی نے کہا کہ دو سال کیلئے چیئرپرسن منتخب ہونے پر میری پوری کوشش ہوگی کہ میں میرٹ پر خواتین کو زیادہ سے زیادہ ممبر بنائوں۔ میں پاکستان اور بیرون ملک ہینڈی کرافٹ کی ایگزیبیشن کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کروں گی اور پورے پاکستان سے ہینڈی کرافٹ سے منسلک خواتین کے ہنر کو ڈومیسٹک اور انٹرنیشنل پروموٹ کروں گی۔ اس سلسلے میں ،میں نے سب سے پہلے کراچی کا دورہ کیاہے تاکہ کراچی کی ہنرمند خواتین کو پروموٹ کرسکوں۔