تاریخ میں پہلی مرتبہ عدالتی بیلف ہاکی فیڈریشن سیکریٹریٹ پہنچ گیا

160

کراچی/لاہور (اسپورٹس رپورٹر) پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکریٹری جنرل حیدر حسین کے جعلی استعفی کیس میں نوٹس پر نوٹس کے باوجود عدالت کے سامنے پیش نہ ہونا اولمپئن رانا مجاہد علی کے ساتھ دنیا میں ہاکی فیڈریشن کے ساتھ اولمپئنز کی رسوائی کا سبب بن گیا ، پاکستان کی 77 سال کی تاریخ میں پہلی مرتبہ عدالتی بیلف ہاکی فیڈریشن کے خود ساختہ سیکریٹری جنرل رانا مجاہد کو گرفتار کرنے فیروز پور روڈ لاہور پر قائم ہاکی فیڈریشن کے سیکریٹریٹ پہنچ گیا، بیلف کے پہنچنے پر ہاکی فیڈریشن کے ملازمین نے سیکٹریٹ کے دروازے پر تالا لگا دیا اور لائٹس بھی بند کردیں، صورتحال کو دیکھتے ہوئے عدالتی بیلف کچھ دیر تک ملازمین کو دروازہ کھولنے کی ہدایت کرتا رہا تاہم دروازہ نہ کھولنے کے باعث بیلف واپس چلا گیا۔واضح رہے ہاکی فیڈریشن کے سابق صدر برگیڈیئر خالد سجاد کھوکھر نے اپنے دور کے آخری ایام میں فیڈریشن کے سیکریٹری جنرل حیدر حسین کے مستعفی ہونے کا دعویٰ کیا تھا تاہم وہ کوئی ثبوت یا حیدر حسین کا لکھا ہوا استعفی پیش کرنے میں ناکام رہے تھے، خالد سجاد کھوکھر کی پشت پر سوار ہوکر اولمپیئن رانا مجاہد علی نے ہاکی فیڈریشن کے سیکریٹری جنرل ہونے کا دعویٰ کردیا تھا جبکہ حیدر حسین نے خالد سجاد کھوکھر اور رانا مجاہد کے خلاف لاہور میں عدلیہ سے رجوع کر لیا تھا، عدلیہ نے حیدر حسین کو سیکریٹری کی حیثیت سے اپنا عہدہ سنبھالنے کی ہدایت کی تھی لیکن رانا مجاہد ہاکی فیڈریشن پر سے اپنا قبضہ ختم کرنے کے لئے تیار نہیں تھے جبکہ عدالت کی جانب سے انہیں حاضر ہونے کے لئے نوٹس پر نوٹس جاری کئے جارہے تھے ، آخری نوٹس پر حاضر نہ ہونے کے باعث عدالت نے بیلف کے ذریعے رانا مجاہد کو گرفتار کرکے ہاتھوں میں ہتھکڑیاں پہنا کر پیش کرنے کا حکم دیا تھا، حیدر حسین کی کیس کی سماعت آج پھر ہوگی۔