انٹرپارٹی انتخابات پر لچک دکھارہے ہیں ،تاخیر کی ذمہ دار پی ٹی آئی ہے،الیکشن کمیشن

91

اسلام آباد(آن لائن) الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی انٹرا پارٹی انتخابات میں تاخیر کی ذمے داری پارٹی پر عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ کمیشن کی جانب سے انٹرا پارٹی انتخابات کے معاملے پر ہمیشہ لچک کا مظاہرہ کیا گیا مگر پارٹی کی جانب سے مسلسل تاخیر کا مظاہرہ کیا گیا۔ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق پی ٹی آئی نے حالیہ انٹراپارٹی الیکشن 3 مارچ 2024 کو کرایاتاہم انٹرا پارٹی الیکشن میں بھی متعدد خامیاں تھیں لہٰذا الیکشن کمیشن پی ٹی آئی کو 23 اپریل 2024 کو نوٹس بھیجااور کیس کی پہلی سماعت 30 اپریل 2024 کو ہوئی۔ ترجمان کے مطابق اپریل 2024 سے لے کر اکتوبر 2024 تک اس کیس کی چھ سماعتیں ہو چکی ہیں، لیکن ان سماعتوں میں پانچ بار پی ٹی آئی نے مزید وقت مانگا اور ہر بار سماعت ملتوی کرنے کی درخواست کی۔ ترجمان کے مطابق الیکشن کمیشن اس معاملے میں مسلسل لچک کا مظاہرہ کر رہا ہے اور پی ٹی آئی کو کئی مواقع فراہم کیے ہیں کہ وہ اپنے آئینی تقاضے پورے کرے تاہم، اس سست روی اور تاخیر کی تمام تر ذمہ داری متعلقہ پارٹی پر عائد ہوتی ہے۔ ترجمان کے مطابق الیکشن کمیشن اس معاملے کو قانونی طور پر حل کرنے کے لیے پوری کوشش کر رہا ہے اورالیکشن کمیشن نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے انٹرا پارٹی الیکشن کے معاملے پرہمیشہ قانونی لچک کا مظاہرہ کیا ہے تاہم جماعت کی جانب سے بارہا التوا کا استعمال کیاگیا جس کی وجہ سے یہ معاملہ تا حال حل نہیں ہو سکا۔ ترجمان کے مطابق الیکشن ایکٹ 2017 کی سیکشن 208 اور 209 کے تحت تمام سیاسی جماعتوں پر لازم ہے کہ وہ اپنے پارٹی آئین کے مطابق پانچ سال کے اندر انٹرا پارٹی انتخابات کروائیں۔ پی ٹی آئی نے 13 جون 2021 کو اپنے انٹرا پارٹی انتخابات کروانے تھے، تاہم مقررہ وقت تک یہ انتخابات منعقد نہیں کیے گئے جس پر الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کو متعدد بار یاد دہانیاں کرائیں اور بالآخر 27 جولائی 2021 کو شوکاز نوٹس جاری کیا گیا اس نوٹس کے جواب میں جماعت کی جانب سے ایک سال کی توسیع کی درخواست کی گئی جس میں کووڈ-19 کی صورتحال کو جواز بنایا گیا جس پر الیکشن کمیشن نے پارٹی کو 13 جون 2022 تک کی مہلت دیتے ہوئے یہ درخواست قبول کی ترجمان کے مطابق پی ٹی آئی نے جون 2022 میں فارم 65 کے تحت انٹرا پارٹی انتخابات کی دستاویزات جمع کرائیں، جوکہ نامکمل تھیں جس پر الیکشن کمیشن نے متعدد مرتبہ یاد دہانی کرائی اور مزید دستاویزات طلب کیں مگر جماعت کی جانب سے تاخیر کا سلسلہ جاری رہا تاہم الیکشن کمیشن کی طرف سے باقاعدہ سماعتیں کی گئیں۔ دوسری جانب الیکشن کمیشن آف پاکستان نے انٹراپارٹی الیکشن کیس میں پاکستان تحریک انصاف کی مہلت کی استدعا منظور کرلی۔بدھ کو الیکشن کمیشن میں تحریک انصاف انٹرا پارٹی الیکشن کیس کی سماعت ہوئی۔ چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست پر کیس 22 اکتوبر تک ملتوی کردیا گیا۔ممبرنثاردرانی کی سربراہی میں چار رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی۔ چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹرگوہر الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے۔ موقف اختیار کیا کہ انہوں نے ایف آئی اے سے ریکارڈ کے حصول کے لئے عدالت سے رجوع کیا ہے۔ عدالت نے ایف آئی اے سے ریکارڈ مانگ لیا ۔ ایف آئی اے کو کہا کہ ریکارڈ دیں، کاپی کرکے واپس کردیں گے ،امید ہے دس دن تک ایف آئی اے سے ریکارڈ مل جائے گا۔بیرسٹرگوہر نے ریکارڈ کے حصول تک مزید مہلت دینے کی استدعا کی جس پر الیکشن کمیشن نے ا نٹراپارٹی الیکشن کیس کی سماعت 22 اکتوبر تک ملتوی کردی۔