ڈاکٹر ذاکر نائیک کی شہباز شریف سے ملاقات اور کراچی آمد

140

اسلام آباد /کراچی (اے پی پی /مانیٹرنگ ڈیسک/اسٹاف رپورٹر) وزیراعظم شہباز شریف سے ممتاز اسلامی اسکالر ڈاکٹر ذاکر نائیک نے ملاقات کی۔ اس موقع پر وزیر اعظم نے کہا کہ اسلام امن کا دین ہے اور آپ (ذاکر نائیک) اسلام کا صحیح پیغام لوگوں تک پہنچا کر ایک انتہائی اہم فریضہ سر انجام دے رہے ہیں۔ بدھ کو وزیراعظم نے پاکستان آمد پر ڈاکٹر ذاکر نائیک کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ میں آپ کے لیکچرز بہت شوق سے سنتا ہوں جو کہ انتہائی پرمغز اور تاثیر سے بھرپور ہوتے ہیں۔ اس موقع پر ڈاکٹر ذاکر نائیک نے کہا کہ میں نے1991ء میں پاکستان کا پہلا دورہ کیا تھا اور ابھی تک اس کی یادیں تازہ ہیں‘ پاکستان دنیا کا واحد ملک ہے جو اسلام کے نام پر بنا، اسلام ایک مکمل ضابطہ حیات ہے جو ہمیں ہر معاملے میں رہنمائی فراہم کرتا ہے۔ وزیر اعظم نے ڈاکٹر ذاکر نائیک کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ علاوہ ازیں اسلام آباد میں سرکاری ٹی وی کے اینکرز سے گفتگو کرتے ہوئے غزہ کی صورتحال اور جہاد کے حوالے سے سوال کا جواب دیتے ہوئے ڈاکٹر ذاکر نائیک کا کہنا تھا کہ غزہ کے مسلمان اسلام کے تیسرے مقدس مقام (مسجد اقصیٰ) کے دفاع کے لیے جہاد کرکے فرض کفایہ ادا کر رہے ہیں‘اگر غزہ کے لوگ جہاد نہیں کریں تو ہم پر فرض ہوجائے گا‘ غزہ کے لوگ جو جدوجہد کر رہے ہیں اس نے ہماری آنکھیں کھول دی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسے لوگوں کے جذبے اور ہمت کو جب غیر مسلم دیکھتے ہیں تو وہ متاثر ہوئے بغیر نہیں رہتے، ایسے ہی لوگوں کی وجہ سے مغربی ممالک میں لاکھوں افراد نے قرآن کا مطالعہ کیا اور اسلام قبول کیا۔ ڈاکٹر ذاکر نائیک کا کہنا تھا کہ مسلم ممالک کو ناٹو کی طرح کا اتحاد تشکیل دینا چاہیے‘ اگر کسی ایک ملک پر حملہ ہو تو تمام ممالک پر حملہ تصور کیا جائے لیکن افسوس کے مسلمان تقسیم کا شکار ہیں۔ معروف اسکالر ڈاکٹر ذاکر نائیک اسلام آباد میں وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کے بعد کراچی پہنچ گئے۔ کراچی ائر پورٹ پر ڈاکٹر ذاکر نائیک کا استقبال جامعہ بنوریہ عالمیہ کے نائب مہتمم مولانا فرحان نعیم نے کیا، ڈاکٹر ذاکر نائیک کے ہمراہ ان کے صاحبزادے شیخ فاروق نائیک بھی ہیں۔

اسلام آباد: وزیراعظم شہبازشریف سے ممتاز اسلامی اسکالر ڈاکٹر ذاکر نائیک ملاقات کررہے ہیں