لاہور (نمائندہ جسارت) پاکستان مسلم لیگ(ن)کے صدر و سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ ڈی چوک میں کھڑے ہوکر ایک منتخب وزیراعظم کو یہ کہنے والا کہ میں اسے رسہ ڈال کر باہر نکالوں گا آج جیل میں پڑا ہے، اسی لیے کہتے ہیں کہ جیسا کرو گے ویسا بھرو گے۔لاہور میں اپنی چھت اپنا گھر اسکیم کے اجرا کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نواز شریف کہا کہ کارخیر میں حصہ ڈالنے والوں کو بھی مبارکباد پیش کرتا ہوں، اس پروگرام کے آغاز پر بہت خوشی ہورہی ہے، مریم نواز نے پنجاب میں اچھا پروگرام شروع کیا۔انہوں نے کہا کہ سیکرٹری ہاؤسنگ نے ہمیں جو تفصیل بتائی ہے اس سے میں بہت متاثر ہوا ہوں اور میں سمجھتا ہوں کہ یہ منصوبہ عوام کا پیسہ عوام پر خرچ ہونے کی بہترین مثال ہے۔انہوں نے کہا کہ کتنی اچھی بات ہے کہ قرض بھی دیا جا رہا ہے اور ایک پیسے کا سود بھی وصول نہیں کیا جا رہا۔ انہوں نے پی ٹی آئی پر تنقید کرتے ہوئے کہاکہ آج کے پی حکومت کی جانب سے پنجاب پر یلغار کی بات ہوتی ہے، کیا آپ پنجاب اور خیبرپختونخوا کی لڑائی کرانا چاہتے ہیں، تاکہ یہاں خون خرابہ ہو، یہ کبھی نہیں ہوسکے گا۔نواز شریف نے کہاکہ ہم آئی ایم ایف کو خدا حافظ کہتے ہیں ہمارے مخالفین اس کو واپس لے آتے ہیں، جھوٹ کی سیاست اور خدمت کی سیاست میں فرق ہوتا ہے‘ ایسے عناصر کے ساتھ سختی سے پیش آنا چاہیے، یہ لوگ مار دھاڑ میں نمبر ون اور کارکردگی میں صفر ہیں۔انہوں نے مزید کہاکہ ثاقب نثار کی آڈیو آج بھی میرے پاس موجود ہے کہ نواز شریف کو نکالنا اور عمران خان کو لانا ہے، لیکن مجھے افسوس ہے کہ قوم نے اس پر سوال نہیں کیا۔انہوں نے کہاکہ ریاست کے ستونوں نے پاکستان کے ساتھ اچھا سلوک نہیں کیا،5 ججوں نے 25 کروڑ عوام کے منتخب وزیراعظم کو گھر بھیج دیا لیکن ان سے کسی نے سوال نہیں کیا۔