سابق وزیرِ اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی نے کہا ہے کہ میں اور میری فیملی بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان کے ساتھ ہے اور رہیں گیں۔
لاہور میں احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیرِ اعلیٰ پنجاب اور پاکستان تحریک انصاف کے رہنما پرویز الہٰی نے کہا کہ بانیٔ پی ٹی آئی عمران خان پاکستان کے ہی نہیں عالمِ اسلام کے لیڈر بن چکے ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ اس حکومت نے آکر بجلی مہنگی کر دی اور لوگوں کا جینا مشکل کر دیا ،جتنا نقصان موجودہ حکومت نے کیا ہے شاید ہی کسی حکومت نے کیا ہو، اقوامِ متحدہ میں شہباز شریف نے کیا خطاب کرنا تھا، اصل خطاب تو عمران خان کا تھا۔
انہوں نے کہا کہ آپ دیکھ لیں کسانوں کا کیا حال ہے، میرے سارے منصوبے ختم کر دیے، صحت کارڈ تحریک انصاف کا منصوبہ تھا وہ بھی ختم کر دیا گیا۔