سکھر میں ’’پڑھے گا سندھ تو بڑھے گا سندھ‘‘ ریلی نکالی گئی

92

سکھر (نمائندہ جسارت) گورنمنٹ کمپری ہینسو ہائر سیکنڈری اسکول کے اساتذہ، طلباء اور محکمہ تعلیم کے افسران کی جانب سے ’’پڑھے گا سندھ تو بڑھے گا سندھ‘‘ کے نعرے کے تحت ریلی نکالی گئی جس میں اساتذہ اور شاگردوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی، بینرز اُٹھائے ہوئے تھے جس پر ’’پڑھے گا سندھ، تو بڑھے گا سندھ‘‘، ’’مستقبل کے معماروں کو اسکول بھیجو‘‘ ریلی گورنمنٹ کمپری ہینسو ہائر سیکنڈری اسکول سے نکالی گئی جس کی قیادت تحصیل آفیسر حسن علی منگریو، سینئر پرنسپل نسیم اختر میمن، پرنسپل عبدالوہاب بلوچ، اسسٹنٹ پروفیسر عبدالحلیم چاچڑ، سبجیکٹ اسپیشلسٹ سعید احمد بھیو اور دیگر نے کی۔ ریلی شکارپور روڈ، بورڈ آفس، گولیمار، ماکا ولیج اور دیگر علاقوں سے ہوتے ہوئے اسکول کے گیٹ پر اختتام پذیر ہوئی۔ اس موقع پر ٹی ای او سیکنڈری حسن علی مگڑیو، سینئر پرنسپل نسیم اختر میمن، پرنسپل عبدالوہاب بلوچ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ والدین اپنے بچوں کو زیادہ سے زیادہ سرکاری اسکولوں میں داخل کرائیں تاکہ وہ بہتر تعلیم حاصل کر سکیں۔ ریلی کے ذریعے والدین کو مطلع کرتے ہیں کہ وہ اپنے بچوں کو تعلیم کے لیے اسکول بھیجیں، حکومت سندھ 12 ویں کلاس تک اسکولوں میں مفت تعلیم فراہم کر رہی ہے جس میں کتابیں، قابل اساتذہ اور دیگر سہولیات دستیاب ہیں۔