ایمل ولی دہشتگردوں کی واپسی کا معاملہ سینیٹ میں اٹھائیں، پشاور ہائیکورٹ

34

 

پشاور (آن لائن) پشاور ہائیکورٹ نے صوبے میں دہشت گردوں کی واپسی سے متعلق درخواست پر سینیٹر ایمل ولی سے کہا ہے کہ معاملہ سینیٹ میں اٹھائیں، قومی جرگہ بنا کر تمام سیاسی جماعتوں کو بٹھائیں اور مسئلہ حل کریں، عدالت پالیسی معاملات میں مداخلت نہیں کرے گی۔ عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ ایمل ولی خان کی صوبے میں دہشت گردی کے حوالے سے دائر درخواست پر پشاور ہائیکورٹ میں سماعت جسٹس ایس ایم عتیق شاہ اور جسٹس صاحبزادہ اسداللہ پر مشتمل 2 رکنی بینچ نے کی۔ وکیل درخواست گزار نے کہا کہ گزشتہ صوبائی حکومت نے دہشت گردوں کی دوبارہ آباد کاری کا فیصلہ کیا تھا، دہشت گردوں کی دوبارہ آباد کاری سے امن وامان کا مسئلہ پیدا ہوگیا ہے۔ جسٹس ایس ایم عتیق شاہ نے کہا کہ درخواست گزار تو سینیٹ کا رکن ہے وہاں پر یہ معاملہ کیوں نہیں اٹھاتے؟ وہاں پر تو آج کل آپ کی زیادہ ضرورت ہے، آپ اپنا ووٹ اس کے ساتھ مشروط کرلیں، وہاں پر آپ کے ووٹ کی ضرورت ہے آپ لوگ پارلیمنٹ میں اپنی ذمہ داری کیوں نہیں ادا کررہے؟ بیرسٹر سلطان محمد خان نے کہا کہ عوام کے حقوق متاثر ہورہے ہیں، ایسے معاملات میں عدالت مداخلت کرتی ہے، یہ دہشت گردی کا معاملہ ہے، عدالت کمیشن بنانے کا حکم دے تاکہ ذمہ داروں کا تعین ہوسکے۔ عدالت نے کہا کہ ہم اسے دیکھیں گے۔