لاہور ہائیکورٹ نے پی این آئی لسٹ کا مکمل ریکارڈ طلب کر لیا

54

لاہور (نمائندہ جسارت) چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے پی این آئی لسٹ کا مکمل ریکارڈ طلب کر لیا۔ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ عالیہ نیلم نے شہری منیر احمد کی درخواست پر سماعت کی۔ لاہور ہائیکورٹ میں پروویژنل نیشنل آئیڈینٹی فکیشن (پی این آئی) لسٹ کے تحت شہریوں کو بیرونِ ملک سفر سے روکنے کے خلاف درخواست پر سماعت ہوئی۔ عدالت نے پنجاب حکومت سے پی این آئی لسٹ کا مکمل ریکارڈ طلب کرلیا اور پنجاب حکومت کے وکیل کو 10 روز میں ریکارڈ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔ عدالت کی جانب سے کہا گیا کہ ہم دیکھنا چاہتے ہیں کہ کیا اس لسٹ میں کریمنل لوگ ہیں یا صرف سیاسی، اس لسٹ میں کن کن لوگوں کے نام شامل کیے گئے ہیں، مکمل ریکارڈ فراہم کیا جائے۔ درخواست گزار نے موقف اپنایا کہ پی این آئی لسٹ کا قانون میں وجود نہیں، پاسپورٹ کنٹرول لسٹ اور ای سی ایل لسٹ میں نام ڈالے جا سکتے ہیں۔