سندھ کے تاجروں کو ٹریڈ ایکسپو انڈونیشیا میں شرکت کی دعوت

127

کراچی (کامرس رپورٹر)انڈونیشیا کے قونصلیٹ جنرل نے سندھ کی تاجر برادری کو 39ویں ٹریڈ ایکسپو انڈونیشیا 2024 ( ٹی ای آئی) اور فرسٹ انڈونیشین ساؤتھ اینڈ سینٹرل ایشیاء بزنس فورم( آئی این اے ایس سی اے) میں شرکت کی دعوت دی ہے جو 7 سے 12 اکتوبر 2024 تک جکارتہ میں منعقد ہوں گی۔ یہ دونوں ایونٹس انڈونیشیا میں کاروبار و تجارت کے حوالے سب سے بڑے پلیٹ فارمز میں سے ایک ہیں جو انڈونیشیا کی مصنوعات، خدمات اور جدید خیالات کی نمائش کرتے ہیں۔ انڈونیشیا کے قونصلیٹ جنرل کی جانب سے سندھ کے تاجروں کو تجارتی ایونٹس میں مدعو کرنے کے لیے دیے گئے بزنس لنچ میں پاکستان انڈونیشیا بزنس کونسل کے چیئر مین عابد نثار اور پاکستان انڈونیشیا بزنس فورم کے صدر شمعون ذکی نے خصوصی طور پر شرکت کی۔انڈونیشیا کے قائمقام قونصل جنرل تیگو ویویکو نے تاجروں سے خطاب میں کہا کہ ان دو بڑے اقتصادی ایونٹس کے دوران شرکاء کو کاروباری شراکت، تجارتی مشنز اور بین الاقوامی سیمینارز تک رسائی حاصل ہوگی۔ یہ مواقع تعلقات کو مضبوط کرنے اور شراکت داری کے مواقع تلاش کرنے میں معاو ن ثابت ہوں گے۔ صوبہ سندھ صوبے سے تقریباً 50 تاجروں نے اس تجارتی ایونٹ میں شرکت کے لیے رجسٹریشن کروائی ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستانی تاجر برادری کی شرکت سے نہ صرف نئے مواقع تلاش کرنے بلکہ باہمی فوائد کے لیے تعلقات اور تعاون کو فروغ دینے کا بھی موقع ملے گا۔ انڈونیشیا میں اعلیٰ معیار کی برآمدات اور مختلف صنعتوں جیسے ایگری کلچر، مینوفیکچرنگ، ٹیکسٹائل اور سروسز کے شعبوں میں وسیع مواقع موجود ہیں۔