چیئرمین پی سی بی کی پینتھرز کو چیمپئنز ون ڈے کپ جیتنے پر مبارکباد

149

فیصل آباد/ کراچی ( سید وزیر علی قادری ) لیک سٹی پینتھرز بحریہ ٹاؤن چیمپئنز ون ڈے کپ کی فاتح بن گئی فائنل میں اس نے یوایم ٹی مارخورز کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی۔ ساجد خان پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ حاصل کرنے میں کامیاب رہے محمد حسنین کو ٹورنامنٹ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا عثمان خان (272 رنز ) ٹورنامنٹ کے بہترین بیٹر، محمد حسنین (17 وکٹ) بہترین بولر اور عثمان خان (7 کیچز ایک اسٹمپڈ ) بہترین وکٹ کیپر قرار پائے۔ نوجوان فاسٹ بولر علی رضا ٹورنامنٹ کے بہترین ایمرجنگ کرکٹر قرار پائے۔ اقبال اسٹیڈیم میں پرجوش شائقین کے سامنے مارخورز کے کپتان افتخار احمد نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا لیکن پینتھرز کے بولرز نے اسے 33.4 اوورز میں صرف 122 رنز پر آل آؤٹ کردیا۔ پینتھرز کو ہدف تک پہنچنے کے لیے 5 وکٹوں کا نقصان اٹھانا پڑا اور اس نے مطلوبہ اسکور 18 اوورز میں پورا کرلیا۔