چین : قومی دن کے موقع پر چاقو حملہ‘ 3 افراد ہلاک‘ 15 زخمی

165
چینی صدر شی جن پنگ بیجنگ میں منعقد تقریب سے خطاب کررہے ہیں

بیجنگ (انٹرنیشنل ڈیسک) چین کے شہر شنگھائی میں قومی دن کے موقع پر ایک ہفتے کی تعطیلات کے دوران سپر مارکیٹ میں چاقو کے حملے میں 3 افراد ہلاک اور 15 زخمی ہوگئے۔ خبر رساں اداروں کے مطابق سونگ جیانگ ضلع کی پولیس نے ایک بیان میں کہا کہ 37 سالہ حملہ آور لن کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔ پولیس کی ابتدائی تفتیش کے مطابق لن اپنے مالی تنازع کا غصہ نکالنے کے لیے شنگھائی گیا تھا۔ چاقوحملہ چین کے قومی دن گولڈن ویک سے ایک دن پہلے کیا گیا، جس دوران مسافروں کی تعداد میں اضافے کی توقع ہے۔ چین میں سرعام چاقو مارنے کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے۔ حکام اس حوالے سے ذہنی بیماری کو ذمے دار ٹھہراتے ہیں جبکہ اسکولوں میں بچے عام ہدف ہوتے ہیں۔ ستمبر میں ایک 10 سالہ جاپانی طالب علم کو جنوبی چینی شہر شینزین میں اس کے اسکول سے میٹر کے فاصلے پر ایک حملہ آور نے چاقو کے وار کر کے قتل کر دیا تھا۔دوسری جانب چین میں کمیونسٹ پارٹی کے اقتدار کو 75برس مکمل،جس کے سلسلے میں بیجنگ میں تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ 1949 ء میں اقتدار سنبھالنے کے بعد پارٹی کئی سالوں تک ہنگامہ آرائی سے نبرد آزما رہی۔ 1978 ء میں ایک بڑی اصلاح نے ملک کو صنعتی کارخانے میں تبدیل کر دیا جس کی معیشت کا حجم امریکا کو ٹکر دے رہا ہے۔