ڈسکہ(صباح نیوز) پنجاب کے علاقے سیالکوٹ میں گاڑی پر فائرنگ کے نتیجے میں 7 افراد قتل ہوگئے۔سیالکوٹ کے علاقے ڈسکہ مانگا پل قلعہ کالر والا میں کار پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 7 افراد موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق معاملہ پرانی دشمنی کا ہے، دونوں فریقین کے درمیان ضلع شیخوپورہ میں زمین کا تنازع چلا آرہا ہے۔ڈی پی او سیالکوٹ نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ایس پی انویسٹی گیشن کی سربراہی میں ٹیم موقع پر پہنچ گئی ہے جس میں ایس ایس پی پسرور، ایس ایچ او کالر والا تھانہ ستراہ اور سی آئی اے کے اہلکار بھی پہنچ گئے۔ملزمان کی گرفتاری کیلئے تین ٹیمیں تشکیل دی گئیں ہیں جس کے لیے ڈسکہ اور شیخوپورہ پولیس کے ساتھ مل کر چھاپے مارنا شروع کر دیئے ہیں۔دونوں گروپوں میں زمین کا تنازع پر دشمنی ہے، ایک گروپ اپنے رشتہ داروں کے گھر تعزیت کیلئے آیا ہوا تھا۔آر پی او گجرانوالہ کا کہنا ہے کہ ملزمان کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔