پی ٹی اے کو آئندہ سال تک پاکستان میں فائیو جی ٹیکنالوجی کے لانچ کی ہدایت

43

اسلام آ باد ( مانیٹر نگ ڈ یسک )قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی اینڈ ٹیلی کام نے پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی(پی ٹی اے) کو فائیو جی کی نیلامی پر کام تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹیکنالوجی پر کام کریں تاکہ فائیو جی اگلے سال تک پاکستان میں لانچ ہو سکے۔ڈان نیوز کے مطابق رکن قومی اسمبلی امین الحق کی زیر صدارت قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے آئی ٹی اینڈ ٹیلی کام کا اجلاس ہوا ۔فائیو جی کی نیلامی پر سیکرٹری آئی ٹی اینڈ ٹیلی کام نے قائمہ کمیٹی کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ کنسلٹنٹ ہائر کررہے ہیں، فائیو جی اس وقت کامیاب ہوگا جب نجی سیکٹر سے سرمایہ کاری آئے گی جبکہ ٹیکنیکل ضروریات کے لیے سازو سامان امپورٹ کرنے میں وقت لگے گا۔بیرسٹر گوہر علی نے سوال کیا کہ ملک میں کب تک فائیو جی آجائے گی؟ جس پر سیکرٹری آئی ٹی اینڈ ٹیلی کام نے جواب دیا کہ فکس تاریخ نہیں دے سکتے ، اس میں وقت لگ جائے گا۔چیئرمین کمیٹی نے ہدایت دی کہ تمام چیزوں کو تیزی کے ساتھ کریں تاکہ اگلے سال تک فائیو جی لانچ ہو جائے ۔وزارت آئی ٹی اینڈ ٹیلی کام حکام نے ای آفس پر قائمہ کمیٹی کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم کے نوٹس کے بعد ای آفس پر عملدرآمد تیز ہوگیا ہے، آج سے کسی وزارت سے مینوئل سمری وزیراعظم کو نہیں جائے گی، وزیر اعظم کے پاس آج یکم اکتوبر سے صرف ای آفس کے ذریعے سمری جائے گی اور تمام وزارتوں میں ای آفس کا فٹ پرنٹ موجود ہے۔چیئرمین کمیٹی نے ہدایت کی کہ وزارتیں جلد از جلد ای آفس پر مکمل عملدرآمد کا آغاز کریں۔