چاہے کوئی گالیاں دے‘ ہم آئین و قانون پر عمل کریں گے‘ چیف الیکشن کمشنر

121

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا نے کہا ہے کہ چاہے کوئی ہمیں گالیاں دے ہم آئین اور قانون پر عمل درآمد کریں گے۔تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کے 3 حلقوں کے الیکشن ٹریبونل کی تبدیلی کے معاملے میں چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں 4 رکنی کمیشن نے سماعت کی۔ وکیل انجم عقیل نے کہا کہ ہم دوبارہ درخواست جمع کروا رہے ہیں۔ تحریک انصاف کے حمایت یافتہ امیدوار عامر مغل کے صاحبزادے پیش ہوئے اور کہا کہ میرے والد پر متعدد ایف آئی آرز ہیں اس لیے ہم وکیل بھی نہیں کرسکے، ہمیں 3سے 4 ہفتوں کا وقت دیا جائے۔ چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ کل تک کا وقت دیتے ہیں آپ وکیل کرلیں۔ چیف الیکشن کمشنر نے ہدایت دی کہ 3 حلقوں کے لیے الگ الگ درخواست جمع کروائیں، آپ سنجیدہ نہیں لگ رہے، کیا آپ چاہتے ہیں کہ ہم درخواست مسترد کر دیں؟۔ پی ٹی آئی کے وکیل شعیب شاہین نے کہا کہ ہمیں کمیشن کے آخری آرڈر کی کاپی نہیں درخواست دینے کے باوجود آرڈر کی کاپی نہیں دی گئی۔ چیف الیکشن کمشنر نے سماعت کے بعد 5 منٹ میں آرڈر کی کاپی فراہم کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ اس بات کی انکوائری کروائیں گے کہ آرڈر کی کاپی کیوں فراہم نہیں کی گئی؟۔ شعیب شاہین نے کہا کہ ہم تو یہاں اجنبی ہیں اس پر ممبر بلوچستان نے کہا کہ کیسے اجنبی ہیں آپ؟ شعیب شاہین نے کہا کہ ہمارے ساتھ جو ناانصافیاں کی گئیں ان کی بات کر رہا ہوں۔ چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ الیکشن کمیشن آئین و قانون کے تحت کام کرتا رہے گا، چاہے کوئی ہمیں گالیاں دے ہم آئین اور قانون پر عمل کریں گے۔ شعیب شاہین نے کہا کہ ہم نے آج تک گالی نہیں دی اس پر سکندر سلطان راجا نے کہا کہ یہ بات آپ اپنے ساتھیوں سے پوچھیں۔ شعیب شاہین نے کہا کہ انصاف کے نظام کے لیے ہم اجنبی ہیں۔ رکن خیبرپختونخوا نے کہا کہ آپ کو کوئی فیور دے تو وہ انصاف کرتا ہے، باقی نا انصافی کرتے ہیں؟۔ بعدازاں انجم عقیل اور خرم نواز کی درخواست پر سماعت ملتوی کردی گئی جبکہ طارق فضل چودھری کی درخواست پر سماعت 4 اکتوبر تک ملتوی کردی گئی۔