جس دن حکومت کہے گی ’’ایکس‘‘ کھول دیں گے‘ چیئرمین پی ٹی اے

100

اسلام آباد (آن لائن) چیئرمین پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) میجرجنرل (ر) حفیظ الرحمن نے کہا ہے کہ ہمیں جس دن حکومت کہے گی ہم ایکس کو کھول دیں گے۔ چیئرمین پی ٹی اے نے اسلام آباد میں گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت یا وزارتِ داخلہ اگر ایکس بند کرنے کی ہدایت دے تو ہم اس سے سوال نہیں اٹھاسکتے، ہدایت پر ہم ایکس بند کرنے کے پابند ہیں، ہمیں جس دن حکومت کہے گی ہم کھول دیں گے۔ میجرجنرل (ر) حفیظ الرحمن نے کہا کہ لوگ گوگل پر سرچ کرکے دیکھ لیں کہ ایشیا میں انٹرنیٹ کب کب اور کتنا بند ہوا، 2022 میں بھارت میں 24مرتبہ جبکہ پاکستان میں ایک بار انٹر نیٹ بند ہوا، 2023میں بھارت میں 116بار انٹر نیٹ بند ہوا، فرانس میں جو واقعہ پیش آیا اس وقت کتنے دن انٹرنیٹ بند رہا، بنگلہ دیش کے آخری انتخابات میں کیا انٹرنیٹ بند نہیں ہوا، ہم اس کی حمایت نہیں کرتے مگر ہر ملک کے سیکورٹی تحفظات ہوتے ہیں، قومی سلامتی ایک ضرورت ہوتی ہے جس کو حکومت دیکھتی ہے۔میجرجنرل (ر) حفیظ الرحمن کا کہنا تھا کہ پنجگور میں اس وقت ڈیٹا بند ہے، مجھ سے اس بارے میں پوچھا گیا تو میں نے کہا متعلقہ کورکمانڈر اور وزارت داخلہ سے پوچھیں ،ہمیں جب کہیں گے ہم کھول دیں گے، قومی سلامتی سے متعلق فیصلے حکومت اور وزارت داخلہ کو کرنے ہوتے ہیں۔حفیظ الرحمان نے کہا کہ ہمارے پاس شکایات کا میکنزم ہے، یومیہ شکایات موصول ہوتی ہیں، جہاں سوشل میڈیا پر خلاف ورزی ہوتی ہے تو ہم پیکا قانون سمیت دیگر متعلقہ قوانین دیکھتے ہیں، سوشل میڈیا ویب سائٹس ہمارے ساتھ مکمل تعاون کرتی ہیں اور اس کا 93 فیصد کمپلائنس ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج تک کسی سیکورٹی ایجنسی نے ہمیں کوئی خط نہیں لکھا، سیکورٹی ایجنسیاں ہمیں نہیں کہتی سوشل میڈیا یا انٹرنیٹ بند کیا جائے، ہمیں عدالت حکم دیتی ہے یا وزارت داخلہ کہتی ہے۔