قوم کو گزشتہ برسوں میں ایک گروہ کی نااہلی کی وجہ سے مشکلات کا سامنا رہا‘ وزیراعظم

170
اسلام آباد: وزیراعظم شہبازشریف نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے بڑے بھائی کے انتقال پر تعزیت کے بعد دعائے مغفرت کررہے ہیں

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک /اے پی پی) وزیراعظم شہباز شریف نے ملک میں مہنگائی کی شرح میں کمی پر اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا ہے کہ قوم کو گزشتہ چند برس میں ایک گروہ کی نااہلی کی وجہ سے مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ وزیراعظم نے مہنگائی کی شرح 44 ماہ کی کم ترین سطح پر آنے پر اظہار تشکر کیا اور ستمبر میں مہنگائی کی سالانہ شرح 6.9 فیصد ہونے پر حکومت کی معاشی ٹیم کی پذیرائی کی۔ انہوں نے کہا کہ اگست 2024ء میں 34 ماہ میں پہلی مرتبہ پاکستان میں مہنگائی کی شرح 9.6 فیصد پر آئی، پھر ستمبر میں گزشتہ44 ماہ میں مہنگائی کی کم ترین شرح 6.9 فیصد ریکارڈ کی گئی۔ وزیراعظم نے کہا کہ اللہ کے فضل و کرم سے عوام سے کیے گئے عہد کی پاسداری میں کامیابی ملنا شروع ہو گئی ہے، مہنگائی کی شرح 6.9 فیصد ہونے سے عام آدمی کو ریلیف ملے گا، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بھی متواتر کمی سے عوام کو ریلیف مل رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ شرح سود کم ہونے سے ملک میں کاروباری سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا، مہنگائی کی شرح کو 2025ء تک 7 فیصد تک لانے کے ہدف کا 2024ء میں ہی حصول ہونا قابل ستائش ہے۔ انہوں نے کہا کہ پہلے دن سے عوامی ریلیف کے لیے اقدامات کو اولین ترجیح بنایا، پاکستان کے ڈیفالٹ کی خواہش کرنے والوں کا منصوبہ ناکام ہوا‘ پوری قوم نے گزشتہ برسوں میں ایک گروہ کی نااہلی کی وجہ سے مشکلات کاٹیں، ملکی معیشت مستحکم اور سفارتی تعلقات مضبوط ہونے سے عام آدمی کی خوش حالی کا سفر شروع ہوچکا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف پروگرام کے اجرا سے معیشت میں مزید استحکام آئے گا، پاکستان کی ترقی کا سفر 2018ء میں جہاں رکا تھا، وہیں سے دوبارہ شروع ہو چکا ہے۔