کراچی میں بخار کی مختلف اقسام تیزی کے ساتھ پھیل رہی ہیں اور وائرل انفیکشنز کے روزانہ 250 کیسز رپورٹ ہو رہے ہیں۔
طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ شہر میں موسم تبدیل ہونے کے ساتھ ہی بخار کی مختلف اقسام تیزی کے ساتھ پھیل رہی ہیں، جن میں بارشوں کے بعد بڑھنے والے مچھروں سے ملیریا، چکن گونیا، ڈینگی اور دیگر وائرل امراض بہت تیزی کے ساتھ شہریوں کو متاثر کررہے ہیں۔
شہر قائد کے سرکاری اسپتالوں میں یومیہ وائرل انفیکشنز کے 250 کیسز تک روزانہ رپورٹ ہو رہے ہیں جن میں چکن گونیا، ملیریا اور ڈینگی کی علامات کے ساتھ آنے والوں کی تعداد 50 سے زائد ہے جب کہ نجی اسپتالوں میں یہ تعداد اس سے زیادہ ہے۔
محکمہ صحت کے مطابق کراچی میں رواں سال اب تک ڈینگی کے ایک ہزار سے زائد کیسز سامنے آئے ہیں جب کہ ایک شخص انتقال کرچکا ہے۔ اسی طرح ملیریا کے ڈیڑھ ہزار جب کہ چکن گونیا کے150 سے زائد کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں۔
دوسری جانب محکمہ صحت سندھ کے مطابق ضلعی ٹیمیں شہر میں اسپرے مہم انجام دے رہی ہیں۔
طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ وائرل انفیکشنز کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے ضروری ہے کہ ماسک کا استعمال لازمی کیا جائے اور اپنے ارد گرد صفائی ستھرائی کا بھی خاص خیال رکھا جائے تاکہ ان امراض سے کسی حد تک بچا جاسکے۔