اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ مہنگائی کی شرح 6.9 فی صد ریکارڈ ہوئی ہے۔ اس کامیابی پر ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ عوام کو بھی اس کے نتیجے میں مزید ریلیف ملے گا۔
پی ایم ہاؤس سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ مہنگائی کی شرح گزشتہ 44 ماہ کی کم ترین سطح پر ریکارڈ ہوئی ہے۔ اگست میں مہنگائی 34 ماہ میں پہلی بار 9.6 فی صد پر تھی جو کہ ستمبر ماہ میں 44 ماہ کی کم ترین شرح 6.9 فی صد پر ریکارڈ ہوئی ہے، جس پر حکومتی معاشی ٹیم سراہے جانے کے قابل ہے۔
انہوں نے کہا کہ اللہ کا شکر ادا کرتے ہیں کہ عوام کے ساتھ کیے گئے وعدے پورے ہونے میں کامیابی مل رہی ہے۔ جس طرح پیٹرولیم مصنوعات کے نرخ کم ہونے سے عوام کو ریلیف مل رہا ہے، اسی طرح مہنگائی کی شرح کم ہونے سے بھی عوام کو مزید ریلیف ملے گا۔
وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ شرح سود کم ہونے سے ملک میں کاروباری سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا، مہنگائی کی شرح کو 2025 تک 7 فیصد تک لانے کے ہدف کا 2024 میں ہی حصول قابل ستائش ہے۔ پہلے دن سے عوامی ریلیف کے لیے اقدامات کو اولین ترجیح بنایا، پاکستان کے ڈیفالٹ کی خواہش کرنے والوں کا منصوبہ ناکام ہوا۔
وزیراعظم نے کہا کہ پوری قوم نے گزشتہ برسوں میں ایک گروہ کی نااہلی کی وجہ سے مشکلات کاٹیں، ملکی معیشت مستحکم، سفارتی تعلقات مضبوط اور عام آدمی کی خوش حالی کا سفر شروع ہوچکا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ عالمی مالیاتی ادارہ (آئی ایم ایف) پروگرام کے اجرا سے معیشت میں مزید استحکام آئے گا۔ پاکستان کی ترقی کا سفر 2018 میں جہاں رکا تھا، وہیں سے دوبارہ شروع ہو چکا ہے۔