اہلِ ایران کو جلد آزادی ملے گی، نیتن یاہو کی بڑھک

101

تل ابیب:اسرائیل کے وزیرِاعظم بنیامین نیتن یاہو نے کہا ہے کہ ایرانی عوام جلد آزاد ہوں گے اور ان کی زندگی میں بھی خوش حالی آئے گی۔ ایک وڈیو پیغام میں اسرائیلی وزیرِاعظم نے کہا ہے کہ ایرانی عوام کو اُن کی حکومت نے شدید مشکلات سے دوچار کر رکھا ہے۔ مسائل بڑھتے جارہے ہیں اور ان کا حل تلاش کرنے کے بجائے معاملات کو مزید بگاڑا جارہا ہے۔

نیتین یاہو کا کہنا تھا کہ ایران کی قیادت اپنے عوام سے جھوٹے وعدے کرتی ہے۔ وہ انہیں ترقی اور خوش حالی سے ہم کنار کرنے کی باتیں کرتی ہے مگر حقیقت یہ ہے کہ صرف جنگ کے شعلوں کو ہوا دی جارہی ہے۔ ہر گزرتا ہوا ایرانی حکومت کے اقدامات کے نتیجے میں پورے خطے کو تیزی سے مکمل جنگ کی طرف دھکیل رہا ہے۔

نیتن یاہو نے وڈیو پیغام میں مزید کہا کہ ایران کی حکومت جو کچھ جنگ پر خرچ کر رہی ہے اگر عوام کی بہبود پر خرچ کرے تو اُن کے حالات بہتر ہوجائیں اور وہ بھرپور زندگی بسر کرنے کے قابل ہوں۔

نیتن یاہو کا کہنا تھا کہ خطے کے حالات اس بات کا تقاضا کر رہے ہیں کہ جنگ کے شعلوں کو مزید بھڑکانے کے بجائے تعلیم و صحت اور بہبودِ عامہ کے دیگر منصوبوں پر زیادہ سے زیادہ خرچ کیا جائے تاکہ لوگ ڈھنگ سے جینے کے قابل ہوسکیں، بیماریوں سے جان چھوٹے اور معاشی ابتری زندگی کا حصہ نہ ہو۔

نیتن یاہو کا کہنا تھا کہ مشرقِ وسطیٰ کو مکمل جنگ کی طرف دھکیلنے کے بجائے امن و آشتی سے جینے کی بات کرنے کی ضرورت ہے تاکہ قتل و غارت کا سلسلہ رُکے اور لڑائی کے تمام فریقین سُکون سے جی سکیں۔