ایران نے اسرائیل پر بڑا حملہ کردیا، سیکڑوں راکٹ فائر، تل ابیب میں جنگی سائرن بج گئے

239

ایران نے صہیونی ریاست اسرائیل پر بڑا حملہ کردیا، جس میں سیکڑوں راکٹ فائر  کیے گئے ہیں۔ دوسری جانب تل ابیب میں  صہیونی فوج نے جنگی سائرن بجا کر ہنگامی حالت کا اظہار کیا ہے۔

بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق قابض صہیونی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران کی جانب سے اسرائیل پر کم از کم  102 میزائل فائر کیے گئے ہیں جب کہ میڈیا ذرائع میں بتایا جا رہا ہے کہ ایران نے اسرائیل پر کم و بیش 400 میزائل داغے ہیں، جس کے بعد  مقبوضہ بیت المقدس میں ہنگامی سائرن بجنا شروع ہو گئے۔

قابض صہیونی فوج کی جانب سے ابتدائی طور پر تصدیق کی گئی ہے کہ ایران   نے بیلسٹک میزائل فائر کیے ہیں، جس کے تناظر میں اسرائیلیوں کو تاحکم ثانی محفوظ مقامات پر چھپ کر رہنے کی ہدایت جاری کردی گئی ہے۔

اسرائیل میڈیا  میں کہا گیا ہے کہ تل ابیب اور شیرون میں راکٹ گرنے کی اطلاعات ہیں جب کہ ایمبولینس سروس کی جانب سے کچھ افراد کے زخمی ہونے کی تصدیق کی گئی ہے۔ میزائل حملوں کے دوران محفوظ مقام کی جانب منتقل ہونے کی بھاگ دوڑ میں کئی افراد زخمی ہوئے ہیں۔

اسرائیل نے ایرانی حملے کے فوراً بعد فضائی حدود بند کرتے ہوئے ائرپورٹس پر موجود مسافروں کو دیگر مقامات پر منتقل کردیا ہے۔