ایران کی جانب سے  اسرائیل پر بڑے حملے کا امکان، امریکی عہدیدار نے الرٹ کردیا

130

واشنگٹن:امریکی عہدیدار نے  دعویٰ کیا ہے کہ ایران کی جانب سے اسرائیل پر ایک فوری اور بڑے حملے کا امکان ہے۔

بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق وائٹ ہاؤس کے ایک اعلیٰ عہدے دار کی جانب سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ ایران اسرائیل کے خلاف ایک فوری کارروائی کرنے کے لیے بیلسٹک میزائل  حملے کی تیاریوں میں مصروف ہے۔ امریکی عہدے دار نے  متنبہ کیا کہ ایسا حملہ ایران کے لیے سنگین نتائج کا حامل ہو سکتا ہے۔

شناخت ظاہر نہ کرنے کی شرط پر وائٹ ہاؤس کے عہدے دار نے اے ایف پی کو بتایا کہ امریکا کو اس طرح کے اشارے موصول ہوئے ہیں جس  سے اندازہ ہوتا ہے کہ ایران اسرائیل کے خلاف فوری طور پر ایک بڑے بیلسٹک میزائل حملے کی تیاری میں مصروف ہے۔

وائٹ ہاؤس کے عہدیدار نے کہا کہ امریکا ممکنہ ایرانی حملے سے بچاؤ اور اسرائیل کا دفاع کرنے کے لیے تیاریوں میں ہرممکن اور فعال تعاون کررہا ہے۔ انہوں نے تنبیہ کی کہ اسرائیل پر ایران کے ممکنہ حملے کے براہ راست ایران پر سنگین نتائج مرتب ہوں گے۔