بھارتی جعلسازوں نے نقلی سپریم کورٹ لگا لی، جعلی کیس میں تاجر کر لوٹ لیا

387

نئی دہلی: بھارت میں جعل سازوں نے ٹیکنالوجی کا انوکھا استعمال کرتے ہوئے نقلی سپریم کورٹ لگائی اور جعلی کیس بنا کر بڑے تاجر کو لوٹ لیا۔

بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق آن لائن دھوکا دہی کرنے واہے گروہ نے بھارتی سپریم کورٹ کی طرح کی ایک جعلی عدالت بنائی اور ایک بڑی کاروباری شخصیت کو ہوشیاری کے ساتھ کیس میں الجھا کر لاکھوں ڈالرز لوٹ لیے۔

جعل سازوں نے بھارت کے معروف ٹیکسٹائل گروپ  کے چیئرمین کو اپنی جعلی عدالت میں ایک کیس میں الجھا کر طلب کیا اور منی لانڈرنگ کا کیس بنا کر جرم ثابت کرتے ہوئے جیل بھیجنے کی دھمکی بھی دی، جس سے بچنے کے لیے  کاروباری گروپ کے چیئرمین نے 8 لاکھ 30 ہزار ڈالر کی رقم جعلی عدالت کا ڈراما لگانے والوں کے اکاؤنٹ میں منتقل کردی۔

بھارتی پولیس کے مطابق یہ انوکھا واقعہ شمالی ریاست پنجاب میں  پیش آیا۔ اس سے قبل بھی بھارت میں آن لائن دھوکا دہی اور سائبر فراڈ کے بے شمار واقعات سامنے آ چکے ہیں لیکن بھارتی سپریم کورٹ کی نقل بنا کر باقاعدہ سماعت کا بندوبست کرکے کسی کو خطیر رقم کا دھوکا دینا پہلی بار ریکارڈ پر آیا ہے۔

واقعے کا انکشاف ہونے کے بعد پولیس نے کاروباری گروپ کے چیئرمین اور دیگر کی شکایت پر 2 افراد کو گرفتار کرکے تحقیقات شروع کردی ہے۔