امریکی قونصلیٹ کے گھیراؤ پر ہنگامہ، مذہبی جماعت کی قیادت کیخلاف مقدمہ درج

161

کراچی: ایم ٹی خان روڈ پر حزب اللہ کے سربراہ حسن نصراللہ کی شہادت کے خلاف نکالی گئی ریلی میں ہنگامہ آرائی کا مقدمہ ڈاکس تھانے میں سرکار کی مدعیت میں درج کر لیا گیا ہے۔

ریلی اتوار کو امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن (آئی ایس او) اور دیگر تنظیموں کے تحت منعقد کی گئی تھی، جس میں امریکن ایمبیسی کی جانب پیش قدمی کی کوشش کے دوران پولیس اور مظاہرین کے درمیان جھڑپیں ہوئیں۔

ایف آئی آر کے مطابق ریلی کے دوران وحدت المسلمین کی قیادت میں چار سے پانچ ہزار افراد امریکن ایمبیسی کی طرف بڑھے، جس میں مولانا اصغر حسین شہیدی، مولانا ناظر حسین تقوی، مولانا باقر عباس اور مولانا صادق جعفری شامل تھے۔

ریلی کے دوران مشتعل افراد نے کنٹینرز ہٹانے کی کوشش کی اور پولیس پر حملے کیے، جس سے متعدد پولیس اہلکار زخمی ہو گئے۔

مظاہرین نے سرکاری املاک کو نقصان پہنچایا، ایک موٹر سائیکل کو آگ لگائی اور ذرائع کے مطابق جیو نیوز کے رپورٹر دانیال کو زخمی کیا۔

ایف آئی آر میں رضی حیدر، مبشر زیدی، صابر ابو مریم، غیور عباس سمیت سو سے ڈیڑھ سو افراد کو نامزد کیا گیا ہے اور ان کے خلاف کارِ سرکار میں مداخلت، ہنگامہ آرائی اور دہشتگردی کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔