قائمہ کمیٹی  کی پی ٹی اے کو آئندہ سال تک پاکستان میں فائیو جی ٹیکنالوجی لانچ کی ہدایت

234

اسلام آ باد: قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی اینڈ ٹیلی کام نے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے )کو فائیو جی کی نیلامی پر کام تیز کرنے کی ہدایت کی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق   رکن قومی اسمبلی امین الحق کی زیرِ صدارت قائمہ کمیٹی برائے آئی ٹی اینڈ ٹیلی کام کا اجلاس منعقد ہوا ، جس میں پی ٹی اے کو ٹیکنالوجی پر کام تیز کرنے کی تاکید کرتے ہوئے کہا گیا کہ فائیو جی اگلے سال تک پاکستان میں لانچ ہو جائے۔

اجلاس میں شریک تحریک انصاف ( پی ٹی آئی )کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی نے استفسار کیا کہ ملک میں کب تک فائیو جی آجائے گی؟ جس پر سیکریٹری آئی ٹی اینڈ ٹیلی کام نے جواب دیا کہ فکس تاریخ نہیں دے سکتے ہیں، اس میں وقت لگ جائے گا۔

چیئرمین کمیٹی نے پی ٹی اے کے حکام کو ہدایت دی کہ تمام چیزوں کو تیزی کے ساتھ کریں تاکہ اگلے سال تک فائیو جی لانچ ہو جائے ۔

 وزارت آئی ٹی اینڈ ٹیلی کام حکام نے ای آفس پر قائمہ کمیٹی کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم کے نوٹس کے بعد ای آفس پر عملدرآمد تیز ہوگیا ہے، آج سے کسی وزارت سے مینوئل سمری وزیراعظم کو نہیں جائے گی، وزیر اعظم کے پاس آج یکم اکتوبر سے صرف ای آفس کے ذریعے سمری جائے گی اور تمام وزارتوں میں ای آفس کا فٹ پرنٹ موجود ہے۔