حافظ نعیم کی اپیل پر آج سے سندھ بھر میں ہفتہ یکجہتی فلسطین منایا جائیگا

97

کراچی(اسٹاف رپورٹر )امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن کی اپیل پر آج سے 7 اکتوبرتک کراچی تاکشمور سندھ بھر میںمظلومین سے اظہار یکجہتی کے لیے ہفتہ یکجہتی فلسطین منایا جائے گا۔صوبائی اعلامیے کے مطابق اس سلسلے میں سندھ کے چھوٹے بڑے شہروں میں سوموار 7 اکتوبر دوپہر 12 بجے قومی اظہار یکجہتی کے طور پر قریب ترین سڑک پر فلسطینی پرچموں کے ساتھ جنگ کی تباہی پر احتجاج کیا جائے گا۔صوبائی امیر وسابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے بیروت وغزہ پرصہیونی ننگی جارحیت کی مذمت اورمسلم حکمرانوں کی بے حسی کو شرمناک کردار قراردیتے ہوئے کہا ہے کہ اقوام متحدہ اجلاس کے دوران لبنان وغزہ پر حملوں سے ثابت ہوگیا کہ اقوام متحدہ عملی طورایک ناکارہ ادارہ ہے۔لبنان میں عالم اسلام کے بڑے قائدحسن نصراللہ کو شہیدکردیا گیا اس طرح کے انسانیت سوزمظالم کے باوجود امریکا برطانیہ اور فرانس سمیت انصاف وانسانیت کے دعویدار ممالک مظلوموں کے بجائے جنگی جرائم میں ملوث صہیونی ریاست کے ساتھ کھڑے ہیں۔ آج فلسطین ،کشمیر اور لبنان سمیت پوری دنیا میں مسلمانوں کا خون پانی کی طرح بہایا جا رہا ہے۔ غزہ کو مٹی کا ڈھیر بنا نے کے بعد لبنان پر حملہ اور خالصتاًسول آبادی کو نشانہ بنا کر عالمی رہنما حسن نصراللہ سمیت سیکڑوں بچوں ، خواتین کو شہید کیا گیا۔امریکا سمیت طاقتور قوتیں اسرائیل کی درندگی کو روکنے اور مظلوموں کی ہمدردی کے بجائے صہیونی وقابض ریاست اسرائیل کا ساتھ دے رہے ہیں جس سے ان کادہرا معیار کھل کر دنیا کے سامنے آگیا ہے۔ اس ساری صورتحال پرمسلم ممالک کے حکمرانوں کی بے حسی بھی شرمناک وقابل مذمت ہے۔صوبائی امیر نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ہفتہ یکجہتی فلسطین میں بھرپور شامل ہوکر جنگی جرائم میں ملوث صہیونی ریاست کے خلاف احتجاج ریکارڈ کرائیں او ر بیروت و غزہ کے مظلوم مسلمانوں کے ساتھ اظہار ہمدردی کریں۔