اسلام آباد (اے پی پی) احتساب عدالت اسلام آباد نے سینیٹر سلیم مانڈوی والا اور سابق ایم ڈی پی آئی اے اعجاز ہارون سمیت دیگر ملزمان کو بری کر دیا۔احتساب عدالت نمبر ایک کے جج ناصر جاوید رانا نے جعلی اکائونٹ کڈنی ہلز ریفرنس کی سماعت کی۔ چیئرمین نیب نے استدعا کی کہ عدالت قانون کے مطابق تمام ملزمان کو بری کردے۔ 4ستمبر کے نیب ایگزیکٹو بورڈ میٹنگ کے مطابق ریفرنس واپس لینے کا فیصلہ ہوا۔ ایگزیکٹو بورڈ میٹنگ میں دستیاب شواہد کا جائزہ لیا گیا، پراسیکیوٹر جنرل کے ساتھ مشاورت کے بعد چیئرمین نیب اس نتیجے پر پہنچے کہ یہ ریفرنس نہیں بنتا تھا۔چیئرمین نیب نے سلیم مانڈوی والا اور دیگر ملزمان کے خلاف اپنا ہی دائر کردہ ریفرنس واپس لینے کا فیصلہ کرتے ہوئے عدالت سے ریفرنس واپس لینے کی درخواست کی۔ عدالت نے نیب کی درخواست منظور کرتے ہوئے تمام ملزمان کو بری کردیا۔ واضح رہے کہ 7 ملزمان کے خلاف جنوری 2021 میں ریفرنس دائر کیا گیا تھا۔