راولپنڈی(آن لائن) عمران خان کی بہن علیمہ خان نے کہا ہے کہ پارٹی سربراہ کو اگر جیل سے نکالنا ہے تو پُرامن احتجاج جاری رکھنا ہوگا ورنہ یہ لوگ عمران خان کو فوجی جیل میں ڈال دیں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا سے گفتگو میں کیا۔انہوں نے کہا کہ جج شاہ رخ ارجمند نے عمران اور بشریٰ بی بی کی درخواست ضمانت خارج کردی، اسی جج نے عدت کیس کو3 ماہ تک چلایا اور اب اس کیس کو بھی گھسیٹ لیا، عمران خان کو اگر جیل سے نکالنا ہے اور اس فسطائیت کو ختم کرنا ہے تو پُرامن احتجاج جاری رکھنا ہوگا اگر ہم پُرامن احتجاج نہیں کریں گے تو وہ عمران خان کو باہر آنے کے بجائے کل انہیں فوجی جیل میں بھی ڈالدیں گے۔علیمہ خان نے کہا کہ اب جو احتجاج ہوگا وہ نہیں رُکے گا ہمارا احتجاج جاری رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ کل بہاولپور، میانوالی اور فیصل آباد میں احتجاج ہے، یہ عوام کا آئینی حق ہے، کوئی بھی آئینی حق نہیں چھین سکتا اور نہ روک سکتا ہے، عمران خان کی سالگرہ پر5 اکتوبر کو لاہور مینار پاکستان پراحتجاج ہے، کراچی کے احتجاج کے لیے حتمی تاریخ کا تعین کرنا باقی ہے، اسلام آباد کا احتجاج فائنل راؤنڈ ہوگا، اس کی تاریخ جلد انتظامیہ دے گی، آپ جتنی آنسوگیس کی شیلنگ اور ربڑ کی گولیاں چلالیں، ہم اپنا آئینی حق استعمال کریں گے۔