کراچی چیمبر کا 63 واں سالانہ اجلاس ،جاوید بلوانی صدر منتخب

49

کراچی ( کامرس رپورٹر ) کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری )کے سی سی آئی) کے 63 ویں سالانہ اجلاس عامہ میں محمد جاوید بلوانی کو صدر، ضیاء العارفین کو سینئر نائب صدر اور فیصل خلیل کو کے سی سی آئی کا نائب صدر منتخب کرنے کا اعلان کیا گیا۔ اے جی ایم میں چیئرمین بزنس مین گروپ (بی ایم جی) زبیر موتی والا، وائس چیئرمین بی ایم جی انجم نثار اور میاں ابرار احمد، جنرل سیکریٹری اے کیو خلیل، نومنتخب صدر جاوید بلوانی، نومنتخب سینئر نائب صدر ضیاء العارفین، نومنتخب نائب صدر فیصل خلیل، سبکدوش صدر کے سی سی آئی افتخار احمد شیخ، سبکدوش سینئر نائب صدر الطاف اے غفار اور سبکدوش نائب صدر تنویر احمد باری کے علاوہ سابق صدور، منیجنگ کمیٹی کے اراکین اور جنرل باڈی اراکین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔چیئرمین بی ایم جی زبیر موتی والا نے اپنے خطاب میںکہا کہ یہ واقعی تمام بی ایم جی اینز کے لیے خوشی کا دن ہے کیونکہ اس سال کے انتخابات کے نتائج واضح طور پر بتاتے ہیں کہ بی ایم جی کو تمام ساتوں صنعتی ٹاؤن ایسوسی ایشنز، ٹریڈ باڈیز، ایکسپورٹ ایسوسی ایشنز، کمیونٹی ایسوسی ایشنز اور بہت سے دیگر سیکٹرز سمیت تاجر برادری کی اکثریت کی بھرپور حمایت حاصل ہے جن کا پختہ یقین ہے کہ بی ایم جی واحد گروپ ہے جو کراچی کے مسائل کو خوش اسلوبی سے حل کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ہم نے اس سال کے انتخابات میں 82 فیصد کے غیر معمولی مارجن سے کامیابی حاصل کی ہے جبکہ ہمارے مخالفین صرف 18 فیصد حاصل کرنے میں کامیاب رہے جو ہمارے لیے باعثِ فخر ہے۔انہوں نے بی ایم جی کے تمام حامیوں بالخصوص چھوٹے تاجروں کا شکریہ ادا کرنے کے ساتھ ساتھ تمام بی ایم جی اینز کی کوششوں کو سراہا۔