کیف (انٹرنیشنل ڈیسک) یوکرینی فوج نے روس میں میزائل اور توپ خانے کے ہتھیاروں کے ذخیرے کو تباہ کرنے کا دعویٰ کردیا۔ یوکرین کا کہنا ہے کہ اس کی فوج نے روس میں گولہ بارود کے ڈپو پر کامیابی کے ساتھ کیے گئے حملوں کے سلسلے میں یہ تازہ ترین کارروائی کی ہے۔ حملے میں جنوبی روس کے علاقے وولگوگراڈ میں ہتھیاروں کے ایک ذخیرے کو نشانہ بنایا گیا۔ کارروائی میں ڈرون شامل تھے ،جب کہ روسی اسلحہ خانے میں ایرانی بیلسٹک میزائل موجود تھے۔دوسری جانب روسی فوج نے کیف سمیت یوکرین کے مختلف شہروں پر 73 سے زائد ڈرون برسادیے۔ یوکرینی فوج نے اپنے بیان میں دعویٰ کیا کہ فضائی نظام نے 67ڈرون مارگرائے۔ ابتدائی معلومات کے مطابق حملوں میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا،تاہم عمارتیں اور گاڑیاں تباہ ہوگئیں۔