پی ٹی سی ایل اورٹیلی نار کی درخواست پر سماعت

94

کراچی ( کامرس رپورٹر )کمپٹیشن کمیشن آف پاکستان نے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن لمٹیڈ ( پی ٹی سی ایل) اور ٹیلی نار پاکستان (پرائیویٹ) لمیٹڈ کی جانب سے ٹیلی نار کی ہی ذیلی کمپنی ’اوریئن ٹاورز پرائیویٹ لمیٹڈ‘ کی 100فیصد شیئر ہولڈنگ اور دونوں کمپنیوں کے انضمام کی درخواست کے جائزے کے ؛لئے اسٹیک ہولڈروں کی سماعت شروع کر دی ہے۔اس حوالے سے ہونے والی سماعت کی صدارت کمیشن کے چیئرمین ڈاکٹر کبیر احمد سدھو، ممبر سلمان امین اور عبد الرشید شیخ پر مشتمل بینج نے کی۔سینئر وکیل راحت کونین حسن نے پی ٹی سی ایل کی نمائندگی کرتے ہوئے دونوں کمپنیوں کے ممکنہ انضمام سے ٹیلی کام سیکٹر میں ہونے والی ممکنہ ترقی اور مجموعی طور پر معاشی فوائد پر روشنی ڈالی۔ اس موقع پر پی ٹی سی ایل کے صدر اور گروپ کے چیف ایگزیکٹو ہتھم باماتراف ، رابرٹ مڈل ہورسٹ ، اور پی ٹی سی ایل کی سینئر انتظامیہ موجود تھی۔اس کے بعد کمیشن نے وطین ٹیلی کام لمیٹڈ کو شنوائی کا موقع فراہم کیا۔ سمی الدین نے وطین ٹیلی کام کی نمائندگی کرتے ہوئے مرجر پر اپنے ابتدائی آرگومنٹس دئے۔ سماعت کے موقع پر ٹیلی نار پاکستان کے چیف ایگزیکٹو خرم اشو ، اوریئن ٹاورز کے چیف ایگزیکٹو آندریاس ہوگبرگ ، ریگولیٹری اسٹریٹجی اینڈ کمپلائنس (پی ٹی ایم ایل) کے گروپ ڈائریکٹر فواد احمد خان ، پاکستان ٹیلی کمیونیکشن اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل وائرلیس لائسنسنگ عامر شہزاد اور جاز پاکستان، واٹین ، ٹرانسورلڈ ایسوسی ایٹس ، سی ایم پاک ایل ڈی آئی لمیٹڈ اور فریکوئنسی الاکیشن بورڈ کے نمائندے موجود تھے۔