اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) تحریک انصاف کے بانی عمران خان نے مجوزہ آئینی ترامیم کے حوالے سے عدلیہ کے حق میں احتجاج کا اعلان کرتے ہوئے وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور کو اہم ہدایت جاری کردی۔ اڈیالہ جیل میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو میں عمران خان نے کہا کہ 2 اکتوبر کو میانوالی، فیصل آباد اور بہاولپور میں احتجاج ہوگا جبکہ 4 اکتوبر کو ڈی چوک اسلام آباد اور پھر 5 اکتوبر کو لاہور میں مینار پاکستان پر احتجاج کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ احتجاج کی قیادت وزیراعلیٰ گنڈا پور کریں گے اور وہ انقلاب کی درست بات کرتے ہوئے میرا مؤقف عوام تک پہنچا رہے ہیں۔ انہوں نے اسلام آباد کی جانب مارچ کر کے عوام کو جگا دیا۔ عمران خان نے کہا کہ ہم بہر صورت اور آخری گیند تک مقابلہ کرتے ہوئے عدلیہ کا دفاع کریں گے اور اپنی آزادی کی جدوجہد کو جاری رکھیں گے۔ بانی پی ٹی آئی نے ایک بار پھر کہا کہ لندن پلان پر عمل کرتے ہوئے یہ پی ٹی آئی کو کرش کرنا چاہتے ہیں، مجھے بھی اسی سلسلے میں جیل میں ڈالا گیا‘ ہم نے ہمیشہ پرامن احتجاج کیا‘ یہ قانون ہمیں تحفظ دینے سے قاصر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری خواتین جیلوں میں پڑی ہیں‘ 80 سالہ خاتون پر پرچہ کاٹا گیا‘ کسی کو تکلیف نہیں ہوئی، میری بیوی کو کئی ماہ سے جیل میں رکھا گیا، یہ مجھے جیل میںتوڑنا چاہتے ہیں مگر میں ڈٹا ہوا ہوں قوم کو کہتا ہوں کہ وہ جیل سے نہ ڈریں۔