پاکستان دوستانہ تعلقات رکھتا تو آئی ایم ایف سے بڑاپیکج ہم دیدیتے، بھارتی وزیردفاع

99

نئی دہلی(مانیٹرنگ ڈیسک ) بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے کہا ہے کہ اگر پاکستان نے بھارت کے ساتھ دوستانہ تعلقات برقرار رکھے ہوتے تو اسے عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) سے طلب کردہ پیکج سے کہیں زیادہ بڑا مالیاتی امدادی پیکج ہم فراہم کرتے۔دی ہندو کے مطابق بانڈی پورہ ضلع کے گریز اسمبلی حلقے میں ایک انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے راج ناتھ سنگھ نے وزیر اعظم نریندر مودی کی جانب سے 2014 اور 2015 میں مقبوضہ کشمیر کے لیے اعلان کردہ ترقیاتی پیکج کا حوالہ دیتے ہوئے کہاکہ مودی نے تب کشمیر کی ترقی کے لیے ایک خصوصی پیکج کا اعلان کیا تھا جو اب 90ہزار کروڑ انڈین روپے تک پہنچ چکا ہے یہ رقم اس سے کہیں زیادہ ہے جو پاکستان آئی ایم ایف سے مانگ رہا تھا، راج ناتھ سنگھ نے سابق بھارتی وزیر اعظم اٹل بہاری واجپائی کے بیان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ہم دوست بدل سکتے ہیں لیکن ہم ہمسائے نہیں بدل سکتے ،انہوں نے کہا کہ میں پاکستانی دوستوں سے کہتا ہوں کیوں کشیدہ تعلقات رکھے؟ ہم ہمسائے ہیں اگر ہمارے تعلقات اچھے ہوتے تو ہم آپ کو آئی ایم ایف سے زیادہ مالی مدد دیتے۔