ٹیسٹ فارمیٹ میں تیز ترین ففٹی اور سنچری کا ریکارڈ

91

کانپور:کرکٹ کے ٹیسٹ فارمیٹ میں تیز ترین ففٹی اور سنچری کا ریکارڈ بھارت کے نام ہوگیا۔

خبر رساں اداروں کے مطابق بھارت نے کانپور میں بنگلادیش کے خلاف میچ میں ٹیسٹ میچز کی تاریخ میں تیز ترین ففٹی اور سنچری بنانے کا ریکارد قائم کرلیا۔   بھارتی اوپنر روہت شرما اور یشسوی جیسوال نے صرف 3 اوورز میں 50 رنز اسکور کرلیے، اس دوران دونوں نے خوب چوکے اور چھکے برسائے۔

ٹیسٹ میچ کے چوتھے روز بنگلا دیشی ٹیم پہلی اننگز میں233 رنز پر پوری آؤٹ ہو چکی تھی، جس کے بعد بھارتی بلے باز جارحانہ انداز سے کھیلے اور ریکارڈ بنا ڈالا۔

ٹیسٹ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ کسی ٹیم کی جانب سے 18 گیندوں پر 50 رنز بنائے گئے ہیں۔ اس سے قبل تیز ترین 50 رنز بنانے کا ریکارڈ انگلینڈ کے پاس تھا، انگلش ٹیم نے رواں سال کے آغاز میں ویسٹ انڈیز کے خلاف 26 گیندوں پر تیز ترین 50 رنز بنائے تھے۔

اس کے ساتھ، بھارت نے کانپور ٹیسٹ میں ہی 61 گیندوں پر تیز ترین 100 رنز بنانے کا ریکارڈ بھی بنایا ہے۔

قبل ازیں، بھارت نے 2023 میں ویسٹ انڈیز کے خلاف 12.2 اوورز میں تیز ترین 100 رنز بنانے کا اعزاز اپنے نام کیا تھا تاہم اب اپنا ہی ریکارڈ توڑ دیا ہے۔