پاکستان ٹیسٹ ٹیم کے کپتان شان مسعود نے کہا ہے کہ انگلینڈ کے خلاف سیریز کا وقت پاکستان ٹیم کے لیے بہت اہم ہے، ہماری کوشش ہو گی پہلے ٹیسٹ میں اچھا آغاز کریں۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پاکستان ٹیسٹ ٹیم کے کپتان شان مسعود نے کہا کہ بنگلا دیش کے خلاف کافی غلطیاں کیں جن سے سیکھنا ہو گا، شکست کے بعد تبدیلیاں کرنا آسان ہے لیکن آگے جانا ہے تو کھلاڑیوں کو بیک کرنا ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ قومی ٹیم کو آگے لے کر جانا چاہتے ہیں، کامیابی کے لیے کھلاڑیوں کو مسلسل مواقع فراہم کرنے پڑے گیں ، کھلاڑیوں کو شکست کا افسوس ہے کھلاڑی اچھے نتائج دینے کے خواہاں ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ جب آپ کی ٹیم ہارتی ہے خاص طور پر پاکستان ہارتا ہے تو یہ بات انہیں کبھی بھی اچھی نہیں لگتی، کپتان کے طور پر برا لگتا ہے جب ٹیم ہارتی ہے، آئیڈل آغاز نہیں ہوا ، جب ہارتے ہیں تو احتساب ہوتا ہے، شارٹ ٹرم اور لانگ ٹرم دونوں باتیں سامنے رکھنی ہوتی ہیں، ٹیسٹ کرکٹ آپ سے جسمانی اور ذہنی طور پر مضبوط رہنے کا مطالبہ کرتی ہے، ہمیں ان چیزوں کو بطور ٹیم بہتر کرنا ہوگا۔
قومی ٹیم کے کپتان نے کہا کہ چیمپئنز ون ڈے کپ میں اچھی تیاری ہوئی، جس میں فٹنس کا بھی علم ہوا ہے، ہماری فزیکل اور مینٹل کنڈیشن دنیا کی دوسری ٹیمز کی طرح ہونی چاہیے، اگر پاکستان کو بہتر ٹیسٹ ٹیم بننا ہے تو فزیکل اور مینٹل فٹنس کو بہت بہتر بنانا ہو گا۔ ایمانداری اور انصاف سے فیصلہ کروں گا تو سکون سے رہوں گا اور سو سکوں گا۔
ان کا مزید کہنا ہے کہ بابراعظم دنیا کے نمبر ون اور بہترین بلے باز ہیں، کھلاڑیوں کو پورا موقع دینا چاہتے ہیں، عامر جمال انجری سے واپس آ رہے ہیں، محمد رضوان مستقل ٹیم کا حصہ ہیں لیکن شارٹ ٹرم میں سرفراز احمد بہترین متبادل ہیں ،کھلاڑیوں کی فٹنس کو دیکھتے ہوئے فی الحال ایک ٹیسٹ کے لیے ٹیم بنائی ہے، اسپورٹس میں پریشر ہوتا ہے، کسی بھی کھلاڑی کو ہارنا برادشت نہیں ہوتا۔