عمران خان کا عدلیہ کی حمایت میں احتجاج کا اعلان، گنڈاپور کو اہم ہدایات

118

راولپنڈی:بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے عدلیہ کی حمایت میں احتجاج کا اعلان کیا ہے اور اس سلسلے میں انہوں نے وزیراعلیٰ کے پی علی امین گنڈاپور کو اہم ہدایات بھی دی ہیں۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق اڈیالہ جیل راولپنڈی میں میڈیا کے نمائندوں سے غیر رسمی بات چیت کرتے ہوئے سابق وزیراعظم اور بانی چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا تھا کہ حکومت کی جانب سے مجوزہ آئینی ترامیم کے حوالے سے عدلیہ کے حق میں 2 اکتوبر کو میانوالی، فیصل آباد اور بہاولپور میں احتجاج کیا جائے گا، اس کے بعد 4 اکتوبر کو جمعہ کے روز ڈی چوک اور اس سے اگلے دن 5 اکتوبر کو مینار پاکستان پر احتجاج کیا جائے گا۔

بانی پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ عدلیہ کی حمایت میں ہونے والے احتجاج کی قیادت وزیراعلیٰ کے پی علی امین گنڈاپور کریں گے۔ انہوں نے کہا  کہ علی امین گنڈاپور انقلاب کی درست بات کرتے ہوئے میرا مؤقف عوام تک پہنچا رہے ہیں۔ انہوں نے اسلام آباد کی طرف مارچ کرکے عوام کو بیدار کیا ہے۔

عمران خان نے کہا کہ ہم ہر صورت اور آخری گیند تک مقابلہ کرتے ہوئے عدلیہ کا دفاع کریں گے اور اپنی آزادی کی جدوجہد کو جاری رکھیں گے۔لندن پلان پر عمل کرتے ہوئے یہ پی ٹی آئی کو کرش کرنا چاہتے ہیں، مجھے بھی اسی سلسلے میں جیل میں ڈالا گیا، ہم نے ہمیشہ پر امن احتجاج کیا۔یہ قانون ہمیں تحفظ دینے سے قاصر ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہماری عورتیں جیلوں میں پڑی ہیں۔ 80 سالہ عورت پر پرچہ کاٹا گیا ،کسی کو تکلیف نہیں ہوئی، میری بیوی کو کئی ماہ سے جیل میں ہے رکھا گیا۔یہ مجھے جیل میں ٹوڑنا چاہتے ہیں مگر میں ڈٹا ہوا ہوں قوم کو کہتا ہوں کہ وہ جیل سے نہ ڈریں۔