جماعت اسلامی نوابشاہ کے تحت اسٹیشن روڈ پر احتجاج

108

نوابشاہ ( نمائندہ جسارت)جماعت اسلامی نوابشاہ کی جانب سے حکومت کے بجلی بلوں میں کمی نہ کرنے اور اسرائیل کی جانب سے لبنان میں حزب اللہ کے قائد حسن نصر اللہ کو شہید کرنے کے خلاف اسٹیشن روڈ پر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس سے خطاب کرتے ہوئے جے آئی یوتھ کے ضلعی صدر فیصل ہمایوں نے حسن نصر اللہ کی شہادت کی شدید مذمت کرتے ہوئے عالمی طاقتوں اور مسلمان حکمرانوں کی بے حسی کی شدید مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ اس سے قبل حماس کے قائد اسماعیل ہنیہ کو ایران میں نشانہ بنایا گیا لیکن اس پر اسرائیل کے خلاف کارروائی نہ ہونے پر وہ مزید تشدد پر اتر آیا ہے ایک سال کی جنگ میں 42 ہزار نہتے فلسطینیوں کو شہید کیا جا چکا ہے۔ جماعت اسلامی کے رہنما نے حکومت کی جانب سے بجلی بلز کی قیمتوں میں طے شدہ معاہدہ کے مطابق عمل نہ کرنے کی بھی مذمت کی اور کہا کہ جب بھی حافظ نعیم الرحمن نے کسی بھی قسم کے احتجاج کا اعلان کیا تو پوری قوم ان کی پشت پر کھڑی ہو گی، مظاہرہ میں جماعت اسلامی کے کارکنان کے علاوہ شہریوں کی بڑی تعداد نے بھی شرکت کی۔