اسلامی قوانین پرعمل نہ کرنے پاکستان میں فساد برپا کیا گیا ہے،پیرریاض احمد سعدی

87

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی)جماعت اسلامی کے رہنما پیرریاض احمدسعدی نے کہا ہے کہ اسلامی قوانین پر عمل نہ کرکے ریاست پاکستان میں بے امنی اور فساد پیدا کیا گیا ہے۔ نبی کریم ﷺ کا مشن انسانوں کو انسانوں کی غلامی سے نکال کر اللہ تعالیٰ کی حاکمیت میں لانا ہے۔ آپؐ سے محبت کا تقاضا یہ ہے کہ ہر مسلمان آپؐ کی عظمت، ختم نبوت اور شان رسالت کا دفاع کرے۔نبی کریمؐ کی بعثت کا ایک عظیم مقصد انسانیت کو ظلم و ناانصافی سے نجات دلانا ہے۔ ہر مسلمان کے لیے ضروری ہے کہ وہ سچائی پر قائم رہے اور زندگی میں توازن کو برقرار رکھتے ہوئے عدل و انصاف کی روش اختیار کرے،کیونکہ سنت نبویؐ کی پیروی ہی میں ہماری کامیابی کی ضمانت ہے۔انہوںنے کہا کہ نبی مہربانؐ کا ظہور ایسے حالات میں ہوا جب عرب وعجم تاریکی میں ڈوبے ہوئے تھے۔ نبی کریمؐ نے ظلم و جبر کے اس نظام کو ختم کرنے اور اس کی جگہ اللہ تعالیٰ کے دیے ہوئے نظام عدل کو رائج کرنے کے لیے جدوجہد کی۔ اپنوں کے ظلم و ستم برداشت کیے اور دنیا کوایک ایسا فلاحی نظام دیا جہاں آمریت تھی نہ ظلم واستحصال تھا۔ اس میں ہر شخص خواہ وہ عورت ہویا مرد،غلام ہو یا آزاد،غریب ہو یا امیرسب کے حقوق کا مکمل خیال رکھا جاتا تھا۔