حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر)آل پاکستان مری اتحاد کی جانب سے چار ماہ قبل نواب شاہ کے علاقہ دولت پور میں قتل ہونے والے برادری کے نوجوان یاسین مری کے قتل کے خلاف اورقاتلوں کی گرفتاری کے لئے حیدرآباد پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ اس موقع پر ظفر مری، حسین بخش مری اور عمر مری سمیت دیگر نے بتایا کہ نواب شاہ کے علاقہ دولت پور تھانہ کی پولیس نے ہماری برادری کے ایک نوجوان یاسین مری کو کراچی کے ایک شادی ہال سے گرفتار کر کے کچھ روز تھانہ پر رکھ کر تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد پولیس مقابلہ دکھا کر قتل کر دیا جس کی لاش بھی ایس ایچ او دولت پور نہیں دے رہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ یاسین مری بے گناہ ہے اور اس پر کسی بھی طرح کا کوئی الزام نہیں تھا اسے پولیس نے سیاسی وڈیروں کے کہنے پر بے گناہ قتل کیا ہے۔ انہوں نے پولیس کے اعلی حکام اور ارباب اختیار سے اپیل کی کہ مقتول نوجوان یاسین مری کے قاتل پولیس اہلکاروں کے خلاف سخت قانونی کاروائی کر کے گرفتار کیا جائے۔