افغانستان کی صورتحال جنگجو گروپوں کیلیے سازگاربنی ہوئی ہے‘ سعودی وزیر خارجہ

60

نیویارک (مانیٹرنگ ڈیسک) سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان کا کہنا ہے کہ افغانستان کی صورت حال جنگجو ملیشیا اور مختلف گروہوں کے لیے سازگار بنی ہوئی ہے۔ یو این او جنرل اسمبلی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سعودی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ سعودی عرب جنگ کے آغاز سے اب تک فلسطینی عوام کے لیے 5 ارب ڈالر امداد دے چکا ہے، فلسطینیوں کے لیے یو این او امدادی ایجنسیز کے تعاون سے106ارب ڈالر کے پروجیکٹس پر کام کر رہے ہیں، فلسطینی پناہ گزینوں کے لیے سروسز، غذا، دوا اور دیگر ضروری اشیا کے پروجیکٹس شامل ہیں۔ ایران کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے سعودی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ امید ہے ایران اپنے ایٹمی، بیلسٹک میزائل پروگرام پر عالمی برادری سے تعاون کرے گا‘ جنگ سے متاثرہ شام سے تعلقات بحالی کا مقصد خطے میں امن کو فروغ دینا ہے، سعودی عرب یمن بحران، بحیرہ احمرکی صورتحال کے پرامن حل کے لیے ہرکوشش کی حمایت کر رہا ہے۔ شہزادہ فیصل بن فرحان کا کہنا تھا کہ افغانستان کی صورتحال جنگجو ملشیا، مختلف گروپوں کے لیے سازگار بنی ہوئی ہے، افغانستان کو دہشت گردوں کا شکار بننے کے لیے اکیلا نہیں چھوڑا جاسکتا، افغانستان میں انسانی بحران اور سیکورٹی صورتحال کو درست کرنا ضروری ہے۔ سعودی وزیر خارجہ کا کہنا تھا عالمی برادری یوکرین روس بحران ختم کرے، سعودی عرب اس کے لیے بھرپورکوشش کر رہا ہے۔