موسیٰ خیل میں گیس کمپنی کے کیمپ پر فائرنگ‘ 20 سے زاید مزدور اغوا

82

کوئٹہ /ملتان (مانیٹرنگ ڈیسک) بلوچستان کے علاقے موسیٰ خیل میں مسلح افراد 20 سے زاید مزدوروں کو اغوا کرکے لے گئے‘مسلح افراد نے تعمیراتی کمپنی کے زیر استعمال8 بلڈوزر بھی نذر آتش کردیے۔ پولیس کے مطابق موسیٰ خیل میں مسلح افراد نے قومی شاہراہ پر گیس کمپنی کے کیمپ پر فائرنگ کی اور اس کے بعد 20 سے زاید مزدوروں کو اغوا کرکے ساتھ لے گئے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے سے متعلق تحقیقات کر رہے ہیں۔ حکومت بلوچستان نے ضلع موسیٰ خیل میں مزدوروں کے اغوا کی اطاعات کو غیر مصدقہ قرار دیدیا ہے۔ ترجمان بلوچستان حکومت شاہد رند کا کہنا ہے کہ موسیٰ خیل سے مزدوروں کے اغوا کی اطلاعات غیر مصدقہ ہیں، ضلع انتظامیہ اور سیکورٹی فورسز مذکورہ علاقے میں پہنچ چکی ہیں۔کمشنر لورالائی کے مطابق مزدوروں کے اغوا کا کوئی ثبوت نہیں ملا۔ پنجگور میں مسلح افراد کی فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے7 مزدوروں کی میتیں ملتان پہنچ گئیں۔ جاں بحق مزدوروں کی شناخت ساجد، شفیق، فیاض، افتخار، خالد، سلمان، اللہ وسایا کے نام سے ہوئی۔ لاشیں گھر پہنچنے پر مقتولین کے اہل خانہ غم سے نڈھال ہیں، علاقے میں سوگ کا سماں ہے۔